وزیر اعلیٰ کا سکمزکی 2روزہ میڈیکل کانفرنس سے خطاب
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے کل ایس کے آئی سی سی میں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے زیر اہتمام دو روزہ نیشنل کانفرنس برائے مریضوں کی حفاظت ( این سی پی ایس ۔ 2025 ) کا افتتاح کیا ۔ کانفرنس کا موضوع ’’ ہر غلطی ایک سبق ، ہر سبق ایک محفوظ دیکھ بھال ‘‘ ہے ۔ اپنے افتتاحی خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ اس کانفرنس کے ذریعے میں امید کرتا ہوں کہ قابل عمل نکات سامنے آئیں گے جنہیں حکومت بڑے اور چھوٹے ہسپتالوں میں اپنا سکتی ہے ، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ مریضوںکی حفاظت پر اتنی ہی توجہ دی جائے جتنی مریضوں کی دیکھ بھال پر دی جاتی ہے ۔ ‘‘ انہوں نے زور دیا کہ اگرچہ مریضوں کی دیکھ بھال اور مریضوں کی حفاظت آپس میں گہرے طور پر جُڑے ہوئے ہیں ، لیکن یہ صحت کی دیکھ بھال کے الگ الگ پہلو ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ’’ مریضوں کی دیکھ بھال اس باے میں ہے کہ ہم بیماری کا علاج کیسے کرتے ہیں ۔ تشخیص ، علاج اور مریض کیلئے ہمدردی ۔ دوسری طرف مریضوں کی حفاظت کا مطلب ہے کہ ہر احتیاط برتنا تا کہ ایسی غلطیوں سے بچا جا سکے جو زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں ۔ کوئی علاج اس وقت تک اچھا نہیں سمجھا جا سکتا جب تک دونوں کو یقینی نہ بنایا جائے ۔ ‘‘ کانفرنس کے مقصد کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مباحثے صرف علمی بحث تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان کا ترجمہ عملی اقدامات میں ہونا چاہئیے جو جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں نافذ کئے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا ’’ ایسی کانفرنسوں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہم دوسروں کے بہترین طریقوں سے سیکھ سکتے ہیں اور انہیں اپنی منفرد حالات کے مطابق اپنا سکتے ہیں ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر این سی پی ایس 2025 کا سووینئر اور ایس کے آئی ایم ایس کا سالانہ جائیزہ رپورٹ2024-25 جاری کیا ۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت و میڈیکل ایجوکیشن سکینہ ایتو نے کہاکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت ہمارے صحت کے اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے جدید آلات اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے تا کہ لوگوں کو علاج کیلئے جموں و کشمیر سے باہر نہ جانا پڑے ۔ ‘‘