مظفر آباد//حزب المجاہدین سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے جہاد کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ”پکھر پورہ اور سگی پورہ ہندوارہ میں فورسز کے ساتھ تصادم آرائی میں جاں بحق عسکریت پسندوں کاخون ہم پر قرض ہے“ ۔انہوں نے کہا کہ حریت پسند عوام کا بھارتی فورسز کا کریک ڈاون ناکام بنانے کی کو ششیں انتہائی قابل تحسین اور عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کیلئے کا فی ہے ۔صلاح الدین نے کہا کہ عسکریت پسند اپنے لہو سے تاریخ کشمیر لکھ رہے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ یہ لہو ضائع نہیں ہوگا ۔انہوںنے کہاکہ عسکریت پسندوں کی حمایت میں نہتے کشمیری عوام، جدید ہتھیاروں سے لیس فورسز کے خلاف گھروں سے نکل کر ،جس شان بے نیازی سے مقابلہ کررہے ہیں ، گولیاں اور پیلٹ کھارہے ہیں ،یہ بھارت اور عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کیلئے واضح پیغام ہے کہ کشمیری عوام آزادی چاہتے ہیں اور اس آزادی کو حاصل کرنے کیلئے وہ جان کی پرواہ کئے بغیر میدان عمل میں موجود ہیں ۔انہوںنے کشمیری عوام سے بالعموم اور صاحب ثروت لوگوں سے بالخصوص اپیل کی کہ وہ ان گھرانواں کی دل کھول کر مدد کریں ،جن گھرانوں کے مکانات عسکریت پسندوں اور بھارتی فورسز کے معرکوں کے درمیان خاکستر ہوگئے ہیں ،سخت سردی میں ان گھرانوں کے مکینوں کیلئے رہنے کا انتظام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اجلاس میں شہداءکی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔