اشتیاق ملک
ڈوڈہ //دو روز قبل ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر ترنگل عسر کے نزدیک پیش آئے المناک سڑک حادثہ کے بعد سیول، پولیس و ٹریفک پولیس متحرک دکھائی دے رہی ہے. ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کی رابطہ شاہراہوں پر پچھلے دو روز سے ٹریفک ناکوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنانے و خلاف ورزی کی پاداش میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا جارہا ہے۔کشمیرعظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق پچھلے دو روز میں میں پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5 مقدمات درج کرکے 13 گاڑیوں کو ضبط کیا ہے اور 132 کے خلاف چالان پیش کیا گیا ہے۔ ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ایف آئی آر پولیس سٹیشن ڈوڈہ، ایک ایف آئی آر ٹھاٹھری و ایک گندوہ تھانہ میں درج کیا گیا ہے اور پانچوں ڈرائیوروں کو حراست میں لے کر گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلع بھر میں 13 گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں ضبط کر کے 132 گاڑیوں کا چالان کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں بہتر ٹریفک نظام بنانے کے لئے انتظامیہ متحرک ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی و لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنانے و ضلع میں ٹریفک قوانین کی عمل آوری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے عوام و سیول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ پولیس کو اپنا مکمل تعاون پیش کریں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں سے متعلق پی سی آر کے نمبر 01996-233530 پر رابطہ کریں یا واٹس ایپ کے نمبرات 729823100، 9469365174 پر جانکاری دیں یا 100،112 ڈائل کریں تاکہ خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور کوئی بڑا حادثہ ہونے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس کی اطلاع کرنے والے شخص کی شناخت کو مخفی رکھا جائے گا۔