سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ پنی مائوں بہنوں اور بیٹیوں کی عزت و ناموس کی حفاظت کرنا ضروری ہے لیکن ایسا کرتے ہوئے معصوم افراد پر حملے کرنا اور انہیں زخمی کرنا حد درجہ مذموم ہے۔ انہوں نے کشمیری خواتین پر ہورہے حملے اور حکمرانوں اور انکی انتظامیہ کا مجرمین کو لگام دینے میں لیت و لعل انتہائی افسوس ناک قرار دیا۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیان کہا ہے کہ گیسو تراشی کی آڑ میں کئی مقامات پر معصوم لوگوں پر حملے ہورہے ہیں اور کئی بے ضرر لوگ بے لگام بھیڑ کے ذریعے تشدد اور ٹارچر کا نشانہ بنے ہیں جو ہر لحاظ سے شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ گیسو تراشی کی آڑ میں بے لگام بھیڑ بن کر معصوم لوگوں کو پکڑنا، انہیں ذدوکوب کرنا، ٹارچر کرکے انکی ہڑی پسلیاں توڑنا، انہیں بے عزت کرنا صرف اور صرف بدبختی کہلاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا ہمارا یہ عمل ہماری عزت ماب مائوں بہنوں اور بیٹیوں پر حملے تو نہیں روک سکتا لیکن ہمارے اصل کیس کو ہی خراب کرسکتا ہے اور حق بھی یہی ہے کہ ایسی بداعمالیوںکے مرتکبین ہمارے مقدس کاز کے دشمن ہی تصور کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے سوپور میں ایک اپاہج بچے جس کی دماغی حالت بھی خراب ہے کو گیسو راش قرار دے کر زدوکوب کرنے کی کاروائی کو انتہائی بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھے کاز کی آڑ میںاپنے سماج کو افتراق و انتشار کی نذر نہیں کرسکتے جہاں معصوم اور مجرم کے درمیان کا امتیاز ہی مٹ جائے۔ یاسین ملک نے کہا ’’ سماج کے اندر بیداری پیدا کرکے اور اپنے محلوں کی بڑے اور ذمہ دار لوگوں اور مساجد کمیٹیوں کی سربراہی میں خود نگرانی کے عمل کو تیز کرکے ہم اس خفیہ دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملا سکتے ہیں اور اگر اس دوران ہم کسی مشکوک شخص کو پکڑ بھی لیں تو ہمیں چاہئے کہ اسے بھیڑ کے ذریعے تشدد اور مار پیٹ کا نشانہ بنانے کے بجائے اُسے محلے کی مسجد کے اندر لاکر ذمہ داروں کے ذریعے اس کی تحقیقات کرائیں‘‘ تاکہ کوئی معصوم و بے گناہ شخص خوامخواہ ہماری زیادتی کا نشانہ نہ بنے۔ درایں اثنا آسیہ اندرابی اور 17 جوانوں کے کیس جنہیں خود لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک ریاستی ہئومن رائٹس کمیشن میں لے گئے ہیں کی شنوائی کو 23 اکتوبرتک ملتوی کیا گیا ہے ۔ لبریشن فرنٹ نے 7 ستمبرکو جہانگیر چوک میں ایک بم حملے میں زخمی ہونے والے غلام محی الدین بٹ ساکنہ بوگام بڈگام جو کئی دن تک زخمی رہنے کے بعد شہید ہوئے ہیں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ لبریشن فرنٹ کے مولوی عبدالرشید، نذیر احمد اور ٹیکا خان نے شہید کے گھر جاکر انکے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور شہید کیلئے بلندیٔ درجات کی دعائیں کیں۔