سرینگر//ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے جڈی بل کا دورہ کیا اور مختلف محکموں کی طرف سے جاری محرم الحرام کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ترقیاتی کمشنر نے علاقے کا پیدل دورہ کرکے شیعہ برادری کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں موقعہ پر ہی جانکاری حاصل کی۔انہوںنے عزاداروں کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ترقیاتی کمشنر نے تاریخی امام باڑہ اور سولہویں صدی کے شیعہ صوفی شمس الدین عراقی کی زیارت گاہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے زیارت گاہ کی انتظامیہ کو تجدیدی کام کودوبارہ شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقعہ پر موجود شیعہ ایسوسی ایشن نے محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے لئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے علاقے میں محکمہ صحت کی طرف سے محرم الحرام کے سلسلے میں قائم کئے گئے مفت طبی کیمپ کا بھی معائنہ کیا۔جب کہ انہوں نے اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر خوشحال سر کا بھی معائنہ کیا۔اے ڈی ڈی سرینگر اور مختلف محکموں کے آفیسران بھی ترقیاتی کمشنرکے ہمراہ تھے۔