سرینگر// ریاست کے طول ارض میں کل سے بانی اسلام کشمیر اور محسن کشمیر حضرت شاہ ہمدانؒ کا 652واں ایام عرس مبارک کی تقاریب نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ شروع ہوئی۔اِس سلسلے میں تاریخی خانقاہ معلی میں خطمات المعظمات، درود اذکار اور مولود خوانی نمازِ عصر کے بعد امام بقعہ عالیہ الحاج امام غلام محمد ہمدانی کی پیشوائی میں شروع ہوئے اور خطمات المعظمات ، دورود ازکار کے اختتام پر حسب قدیم مولود خوانی کی مجلس بھی آراستہ ہوئی۔ جس کی پیشوائی مولود خوانی الحاج میر بشارت احمد کررہے ہیں۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ہمدانی نے فرزندانِ توحید، عاشقانِ رسولؐ اور محب شاہ ہمدان ؒ سے اپیل کی وہ ان بابرکت مجالس میں شرکت کرکے عالم اسلام کی سربلندی، انسانیت کی بقاء اور اہل کشمیر کی عزت و آبرو اور فارغ البالی کیلئے دعا کریں۔دریں اثناء بلند پایہ ولی کامل اور عظیم المرتبہ اولیاء حضرت سید محمد امین اویسی منطقیؒ کے سالانہ عرس کی تقریب کل وادی بھر میں منائی گئی۔ اس سلسلے میں اُن کے آستان عالیہ واقع عالی کدل میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ جہاں ختمات المعظمات، درود ازکار اور قرآن خوانی کی مجالس آراستہ ہوئی۔
ایس ڈی ایم نے انتظامات کاجائزہ لیا
سرینگر// سب ڈویژنل مجسٹریٹ ایسٹ سید حنیف بلخی نے کل خانقاہ معلی کا دورہ کرکے عرس کے لئے کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا اور محکمہ بجلی اور صحت عامہ کے انجینئروں کو وضوخانہ میںعرس کے دوران بجلی اورپانی کی بلا خلل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ایس ایم سی کو زیارت گاہ کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ زائرین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بعدمیں ایس ڈی ایم نے زیارت گاہ میں حاضری دی اورزائرین کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کی۔