سرینگر// عرس ختلان کی تقریب وادی بھر میںعقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب تاریخی خانقاہ معلی سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف واکناف سے بڑی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ نماز ظہر سے قبل پیرزادہ محمد یاسین ہمدانی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اولیاء کرام کی سیرت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒکی بدولت ہی کشمیر کا چپہ چپہ دین اسلام سے منور ہوا۔انہوں نے فلسفہ عرس ختلان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ہی حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے جسدخاکی کوکشمیر سے کولاب ختلان میں چھ ماہ کے طویل سفر کے بعد پہنچا دیا گیا جہاں اُنؒ کا روضہ موجود ہے۔ تقریب پر مولاناشوکت حسین کینگ بھی موجودتھے۔ نماز ظہر کے بعد توبہ استغفار، ختمات المعظمات ، درود ازکار اوراد خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی امام بقعہ الحاج امام غلام محمد ہمدانی، امام عاشق احمد ہمدانی نے کی۔ ایسی ہی تقریبات خانقاہ اول وچی ، ڈورو شاہ آباد، ترال ، نوبرا، چرار شریف ، سوپور، کھاگ ، کشتواڑ بھدرواہ میں بھی منعقد ہوئیں۔