سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور ایم ایل اے خانیارحاجی علی محمد ساگر نے عرس مبارک حضرت سید عبدالرحمان قلندر ؒ ( حضرت بلبل شاہ صاحب ؒ ) بلبل لنکر نوا کدل ، عرس مبارک حضرت پیر حاجی صاحب صراف کدل اور عرس مبارک حضرت بلاد رومیؒ محلہ سید صاحب راجوری کدل پر ضلع انتظامیہ کو ان زیارت گاہوں پر عقیدت مندوں کیلئے خاطر خواہ انتظامات خصوصاً بجلی ، صحت صفائی ، ٹرانسپورٹ کی سہولیات دستیاب رکھیں ۔ اتوار کوان زیارت گاہوں پر خطمات المعظمات درود ازکار اور مولود خوانی کی مجالس منعقد ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ تا قیامت ہم مسلمانان کشمیر حضرت سید عبدالرحمان قلندر ؒ المعروف بلبل شاہ صاحب ؒ کے احسان مند ہے جنہوں نے یہاں ملک کشمیر کے لوگوں کوسب سے پہلے دین اسلام سے منور کیا اور حضرت بلبل صاحبؒ کی بدولت وقت کے بادشاہ نے بھی اسلام قبول کیا اور اہل کشمیر حضرت بانی اسلام کشمیر میر سید علی ہمدانی ؒکے احسان مند ہیں کیونکہ انؒ ہی کی بدولت ملک کشمیر کا چپہ چپہ مشرف بہ اسلام ہوا اورمسلمانان کشمیر کو نسخہ کیمیا اوراد فتحہ مل گیا۔ حضرت شاہ ہمدان ؒکا دربار ملک کشمیر کا مرکز اسلام رہا ہے اور اس خانقاہ کے ساتھ صدیوں سے عقیدت و احترام عزت رہا ہے کیونکہ حضرت بانی اسلام میر سید علی ہمدانیؒ اور ان کے فرزند ارجمند حضرت سید میر محمد ہمدانی ؒکی بدولت اہل کشمیر کو جہاں اسلام کی عظیم نعمت حاصل ہوئی و ذریعہ معاش صنعت و حرفت ، دستکاری بھی حاصل ہوئی ۔ساگر نے بذات خود بلبل لنکر جاکر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران علی محمد ساگر اور مبارک گل نے تنظیم کے حلقہ صدر نواب بازار کی اہلیہ کی وفات پر لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ ساگر اور مبارک گل نے حاجی عبدالخالق صوفی صدر حلقہ نوا ب بازار کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی اورڈھارس بندھائی ۔ حلقہ صدر کی اہلیہ چند دن پہلے انتقال کر گئی تھیں۔ اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس لیڈران نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کی پوری قیادت کی طرف سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔