سرینگر// ریاستی سرکار کو اہم معاملات میں غیر سنجیدہ طرز عمل اپنانے پر عدالت عالیہ کی جانب سے لگائی گئی پھٹکار کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے وزیر قانون سید بشارت بخاری نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ایم اے بیگ کو برف طرف کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔وزیر قانون نے تمام لاء افسران کو ہدایت دی ہے کہ ریاستی سرکار کے حوالے سے عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کے بارے مین غیر سنجیدگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ عدالت عالیہ نے حال ہی میں بڈگام کے ایک کیس جس میں ایک کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کے ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ صادر کرنا تھا ،نے سرکاری وکیل ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو کئی مواقع دے کر عذرات پیش کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم مذکورہ ایڈیشنل ایڈوکیت جنرل کی طرف سے عذرات جمع نہیں کئے گئے جس پر عدالت عالیہ نے سرکار پر پٹھکار لگاتے ہوئے کہا کہ سرکار کی جانب سے متعدد وکلاء کی خدمات حاصل کئے جانے کے باوجود اہم اور حساس کیسوں میں ان وکلاء کا طرز عمل غیر سنجیدہ رہتا ہے ۔اس عدالتی سرزنش کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر قانون و انصاف بشارت بخاری نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو خمات سے برطرف کردیا نیز دیگر لاء افسران کو ہدایت دی کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔