سرینگر//ان اطلاعات کے بعد کہ جموں کشمیر کے طالبان علم مسلسل لاک ڈاﺅن کے نتیجے میں تعلیمی طور متاثر ہورہے ہیں،جموں کشمیر ہائی کورٹ نے سنیچر کو 4جی انٹر نیٹ سروس کی بحالی کو لیکر سٹیٹس رپورٹ طلب کی۔
چیف جسٹس ،گیتا متل کی سربراہی والے عدالت عالیہ کے ڈویژن بینچ نے مذکورہ رپورٹ ایک مفاد عامہ درخواست کی شنوائی کے دوران طلب کی۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوئی شنوائی کے دوران درخواست گذار نے عدالت کو بتایا کہ 4جی انٹر نیٹ سروس کی عدم موجودگی کے باعث مرکز کے زیر انتظام علاقے کے طلاب کو تعلیمی کورسز تک رسائی میں مشکلات در پیش ہیں۔
شنوائی کے دوران ایڈیشنل سالیسٹر جنرل وشال شرما نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے زیر شنوائی ہے اور عدالت عظمیٰ نے پہلے ہی ایک نوٹس جاری کر رکھی ہے۔
اسکے باوجود عدالت عالیہ کے ڈویژن بینچ نے جموں کشمیر اور لداخ کے داخلہ سیکریٹریوں سے اس ضمن میں سٹیٹس رپورٹ طلب کی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی مکمل لاک ڈاﺅن ہے لیکن 4جی انٹر نیٹ سروس کی عدم دستیابی کی وجہ سے طالب علم اپنے تعلیمی کورسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔