کنگن/ /عدالت عالیہ کے احکامات کی تعمیل کے تحت سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی نے نالہ سندھ اور صحت افزا مقام سونہ مرگ کے مضافاتی علاقے میں تعمیر کئے گئے بیت الخلائوں کو منہدم کردیا گیا ہے ۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق صحت افزا مقام سونہ مرگ کے مضافاتی علاقے نلہ گراٹھ میں ہائر آلٹی چوڈ وار فیئر سکول کی جانب سے غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے نصف درجن بیت الخلاء منہدم کردئے جن سے نکلنے والی گندگی متواتر طور نالہ سندھ میں سرایت کرتی تھی جس سے نالہ سندھ کا صاف وشفاف پانی آلودہ ہورہا تھا جس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزکیٹیو آفیسر سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی نے فوج کے کمانڈنگ آفیسر کو ایک نوٹس جاری کی جس میں کہا گیا تھا کہ نالہ سندھ کے کنارے پر تعمیر کئے گئے بیت الخلائوں کو فوری طور پر منہدم کیا جائے تاہم فوج نے مذکورہ بیت الخلا ء ازخود منہدم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی نا ہی سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کو اس سلسلے میں کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا جس کے نتیجے میں سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی نے عدالتی احکامات کو عملاتے ہوئے نالہ سندھ کے کناروں پر غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے بیت الخلاء منہدم کردئے ۔چیف ایگزکیٹیو آفیسر سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی شبیر احمد رینہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے نلہ گراٹھ کے مقام پر نالہ سندھ کے کنارے پر غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے بیت الخلاء منہدم کردئے ۔انہوں نے واضح کردیا ہے کہ نالہ سندھ کے دونوں اطراف کسی بھی غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر چہ کسی شخص نے ایسی کاروائی کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلا ف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔