Facebook Twitter Youtube
  • تازہ ترین
  • کشمیر
  • جموں
  • شہر نامہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • سپورٹس
  • صنعت، تجارت
  • کالم
    • مضامین
    • گوشہ خواتین
    • خصوصی انٹرویو
    • جمعہ ایڈیشن
    • تعلیم و ثقافت
    • طب تحقیق اور سائنس
  • ملٹی میڈیا
    • ویڈیو
    • پوڈکاسٹ
    • تصویر کہانی
  • اداریہ
  • ادب نامہ
    • نظم
    • غرلیات
    • افسانے
  • تازہ ترین
  • کشمیر
  • جموں
  • شہر نامہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • سپورٹس
  • صنعت، تجارت
  • کالم
    • مضامین
    • گوشہ خواتین
    • خصوصی انٹرویو
    • جمعہ ایڈیشن
    • تعلیم و ثقافت
    • طب تحقیق اور سائنس
  • ملٹی میڈیا
    • ویڈیو
    • پوڈکاسٹ
    • تصویر کہانی
  • اداریہ
  • ادب نامہ
    • نظم
    • غرلیات
    • افسانے
Kashmir Uzma
  • تازہ ترین
  • کشمیر
  • جموں
  • شہر نامہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • سپورٹس
  • صنعت، تجارت
  • کالم
    • مضامین
    • گوشہ خواتین
    • خصوصی انٹرویو
    • جمعہ ایڈیشن
    • تعلیم و ثقافت
    • طب تحقیق اور سائنس
  • ملٹی میڈیا
    • ویڈیو
    • پوڈکاسٹ
    • تصویر کہانی
  • اداریہ
  • ادب نامہ
    • نظم
    • غرلیات
    • افسانے

Kashmir Uzma

Latest Kashmir News | Kashmir Urdu News | Politics, India, International, Opinion

Font ResizerAa
Search
Follow US
مضامین

عجب پریم کی غضب کہانی

Kashmir Uzma News Desk
Last updated: March 24, 2017 10:12 pm
Kashmir Uzma News Desk
Share
10 Min Read
SHARE
اپنے ہل والے قائد ثانی جب نعرہ لگاتے ہیں تو نعرہ مستانہ لگتا ہے اور ان کے نعروں سے ادھر ادھر ،آر پار چنگاریاں پھوٹتی ہیں،بلکہ وسپھوٹ ہوتے ہیں اور جب اعلان کرتے ہیں تو دھماکے کی صورت کرتے ہیں بلکہ جب وہ سیدھی سادھی بات ہی کرتے ہیں تو بتنگڑ بناتے ہیں۔یعنی رائی کا پہاڑ بنانا  نہیں پہاڑ کو رائی میں تبدیل کرنا کوئی ان سے سیکھے ،اور وہ اس وقت جب وہ کرسی سے بے دخل ہوں،سرکاری دفتر سے الگ ہوں یعنی اگر انہیں کوئی کام کرنے کو نہ ہو تو نئی نئی ترکیبیں وجود میں لانے سے وہ نہیں ڈرتے بلکہ اپنے منہ کو حاملہ عورت کا جیسا بناتے ہیں کہ اس رنگ روپ کا بچہ جننا ہوگا۔پھر عالمی فورموں میں بھارت کی نمایندگی کا سوال ہو،مملکت خداداد پر  جوہری بم گرانے کی سفارش ہو یا اب بندوق برداروں کو مجاہد تسلیم کروانا والا معاملہ ہو۔مطلب عجب پریم کی غضب کہانی تحریر کرنا کوئی قائد ثانی سیکھے۔ایسی پریم کہانیوں کے وہ خود ہی لکھاری ،گیت کار، سنگیت کار بلکہ نرماتا نردیشک بھی اکیلے ہوتے ہیں۔ایسے میں ہل والی پارٹی کے ترجمان کیا ٹرجمان بھی الفاظ کی بھیک مانگنے پر مجبور ہوتے ہیں کہ یہ اخبار والے سوال بہت پوچھتے ہیں۔البتہ یہ تو ماننا پڑے گا کہ جب اپنے قائد ثانی ترنگ میں آتے ہیں تو کئی ایک کو یک بارچیلنج کرتے ہیں۔ناچ گانے کی بات ہوئی تو ایسے تھرکیںکہ بالی وڈ ائر کٹر کے ساتھ اسٹیج پر ناچے کہ معروف صحافی برکھا دت دیکھتی رہ گئی۔گانا گانے کا موقعہ ملا تو سنگیت کی ایسی تاریں چھیڑیں نہیں بلکہ جھنجھوڑ دیں کہ سننے والے ہی دنگ نہ رہے بلکہ گانے والے بھی کمزور پڑ گئے۔مزہ تو تب تھا جب بھجن سناتے سناتے ہر ہر مہادیو سے فریاد کر ڈالی کہ گیلانی نے مار ڈالا، بری طرح مار ڈالا۔ابھی ملی ٹنٹوں کو مجاہد جتلا کر گیلانی صاحب، ینگ مولوی عمر، خود مختاری کا سیل رواں یاسین ملک سوچ میں پڑ گئے کہ ہم ہیں یا کوئی اور ہے جو ’’یہ ملک ہمارا ہے‘‘ پر جملہ حقوق بحق ِما بدولت محفوظ ہونے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔اس سب کے بیچ اپنے اہل کشمیر دنگ ہیں کہ کوئی ان سے نہیں پوچھتا کہ ملک کشمیر جو تمہارا ہے تو اس کا فیصلہ مانگنے کے عوض تم کو بم بارود، گولی ،پیلٹ کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے؟یقین نہ آئے تو جو پچھلے سال ہزاروں جسم جاناں پر زخم کھائے بلکہ سینکڑوں تو چشم زدن میں چشم ما روشن دل ما شاد سے محروم کئے گئے، ابھی کیا اس سے دل نہیں بھر ا تھا جو چھ لاکھ پیلٹ کی نئی کھیپ کشمیر کے لئے منظور کی گئی   ؎
تیرگی میںچیختی ہے کیوں یہاں آواز دل
کھا گئی ہے نور کو کس کی نظر اس شہر میں 
یعنی ابھی پرانے زخم ہرے ہی تھے نئے لگوانے کی تیاری ہوگئی اور اس پر طرہ یہ کہ وزیران با تدبیر اعلان پر اعلان کئے جا رہے ہیں کہ سدھرو نہیں تو سدھارنے کے کئی طریقے ہمارے پاس موجود ہیں ۔ایک تو یہ کہ تم مانگتے جائو ہمارے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگے گی  اور اگر رینگ بھی گئی تو ہم اسے مملکت خداداد کی سازش کہہ کر سرحد پار کروا دیں گے،یا جب ہمارے اہل اختیار تم پر ٹوٹ پڑیں گے اور ہڈی پسلی توڑ دیں گے تو ہم ان کو بہادری کے اعزازات سے نوازیں گے اور وہ جو تحقیقات کا راگ ہم نے الاپا تھا وہ پھر سے دہرائیں گے،بلکہ اس کی نئی سی ڈی بنوا کر اتنا بجائیں گے کہ پھر پتہ چلے گا ایک جھوٹ کو سو بار بولو تو کرسی کی قسم سچ محسوس ہوتا ہے   ؎
کہیں شعلہ کہیں نعرہ کہیں پتھر بن کر 
خون چلتا ہے تو رکتا نہیں سنگینوں سے
ادھر وزارت کی کرسی پر براجمان اعلیٰ خاتون نے بھی نیا نعرہ لگایا ۔کہ نوجوانو !میرے جلسوں میں شرکت کرو، میں تمہیں نوکریاں دوں گی بلکہ اگر نوکریوں سے جی نہیں بھرا اور دلوں کو تشفی نہیں ہوئی توجوانو !تم مجھے امن دو میں تمہیں مسلٔہ کشمیر کا حل دوں گی۔ جوان تو ابھی فیصلہ بھی نہ کر پائے تھے کہ نوکریاں کس قسم کی ہونگی کہ اپنے لوگوں کے لئے روزگار میلے کا انتظام کر ڈالایعنی اول خویش بعد درویش والا معاملہ کیا خوب نپٹایا۔بیچارے جو کارکن سیدھے راستے عیش کوشی میں جگہ نہ پائے تھے انہیں ٹیڑھے راستے سے وہاں پہنچایا،وہ جو ٹھنڈ بھرے دنوں اور سرد راتوں میں سڑکوں پر ڈنڈے کھا رہے ہیں کہ انہیں سالہا سال سے انگوٹھا دکھا کر نوکری میں مستقل نہیں کیا جاتا لیکن اپنے سولہ مہا رتھیوں کو اسی ہزار تنخواہ پر چھوٹی نوکری یعنی کارپوریشنوںکے نائب چیرمین بنا دیا۔ حال میںتو اس نے کہا تھا تم مجھے خون دو میں تمہیں پیلٹ، پی ایس اے اور نیا وژن دوں گی، پھر کیا تھا خون بھی بہتا رہااور پورے چھ مہینے لڑائی اور مار کٹائی سے بھرپور فلم چلتی رہی ۔ہم تو کئی سال انتظار میں رہے کہ یہ نیا وژن کیا ہے جب تک محبت کے دھارے بہے اور ان دھاروں میں آنکھوں کا وژن ہی جاتا رہا   ؎ 
ایک ہنگامہ پہ موقوف ہے گھر کی رونق
نوحہ ٔ  غم ہی سہی نغمۂ شادی نہ سہی 
پھر پتہ چلا کہ بھلے وژن نہ رہے اس کے بدلے بڑی بڑی چابیاں فوٹو میں دکھا کر چھوٹی چھوٹی سکوٹیاں بٹ رہی ہیں۔چابیاں بڑی اس لئے کہ ٹی وی پر دیکھنے والے دھوکہ نہ کھائیں کہ دکھا کچھ اور رہے ہیں اور کھلا کچھ اور ۔اور وہ جو لولی پاپ کھا کر خوش ہی نہیں مستی میں چلے جاتے ہیں ان کا بھی منہ دیکھنے لائق ہوتا ہے ۔یہ اور بات ہے کہ چابی لے کر وہ کہتے ہیں کہ یہ بھی لیں گے اس کا تقاضہ بھی جاری رہے گایعنی چِپس کھانے کے ساتھ ساتھ آجادی(آزادی) کی مانگ بھی جاری۔ادھر اپنے ہل والے سورما ببانگ دہل اعلان کرتے ہیں کہ میڈم جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے۔ان کا الزام ہے کہ نوجوانوں کو ورغلانے کے لئے مدد کے بدلے نوکری، امن کے بدلے مسلٔہ کشمیر کا حل یہ سب اس مٹھاس جیسے ہیں جو دِکھنے میں خوب ہیں لیکن چکھنے میں کڑوے ہیں،کیونکہ کبھی بار آور نہیں ہوتے۔اپنے اہل کشمیر تو قیامت کی نظر رکھتے ہیں اس لئے فوراً تاڑ لیتے ہیں ۔کھنہ بل سے کھادن یار تک اور نالہ مار سے سرسیار تک اہل کشمیر ہل والوں کی سچی باتوں پر یقین کرتے ہیں اور ہم جو پوچھتے ہیں کہ ایسا کیا سچ بولا ہل والوں نے تو فوراً کہیں دبے ہونٹوں اور کہیں کھلکھلا کر کہہ دیا کہ صاحب ہل والوں سے زیادہ کون جانتا ہے کہ نوجوانوں کے سامنے کس طرح جھوٹ کا پلندہ رکھیں، آخر وہ تو سالہا سال سے یہی کرتے آئے ہیں، اس لئے ان جیسا تجربہ کس کو ہوگا کہ کشمیری خون  کے بدلے آزادی نہیں بلکہ کرسی آتی ہے اور امن کے بدلے عیش و عشرت آتا ہے جس پر ان لوگوں کا کوئی حق نہیں جن کے نام یہ الزام ہے کہ سرداری انہی کا حق ہے   ؎
آو اس پیغمبر امروز کو پھر سے سنیں دوستو 
کل جو یہ کہہ گیا تھا ہم ہیںجاہل دوستو
اور اتنا ہی نہیں اپنے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے اہل سیاست بھی من موجی بن کر سادہ لوح عوام کو ٹرخانا جانتے ہیں،گو کہ عمر بھر وہ عوام کو انگوٹھا دکھاتے رہے لیکن وقت بوقت وہ بھی لوگوں کو اپنا ہاتھ جگن ہاتھ دکھاتے ہیں، فوٹو کھنچواتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ ہمارا ہاتھ پکڑو پھر دیکھو ہم تم کو کس طرح ندیا پار کرادیں گے ۔یہ الگ بات ہے کہ بانہال کے پار کہیں ہاتھ نہیں دکھائی دیتا بلکہ اپنا ہاتھ ملنے سے رہ جانے کے ڈر سے کہیں نتیش اور کہیں سائیکل کا ہینڈل پکڑ کر اکھلیش کے پیچھے سیٹ پر جگہ بناتے ہیں تاکہ کہہ سکیں کہ ہم تین میں نہ سہی تیرہ میں تو ہیں۔
……………..
 نو ٹ :صاحب مضمون انگریزی ناول The Half Widowکے مصنف ہیں۔
رابط([email protected]/9419009169

 
Share This Article
Facebook Twitter Whatsapp Whatsapp Copy Link Print
Leave a Comment

Leave a Reply Cancel reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

ایس ایس پی ٹریفک سٹی سری نگر کی طرف سے میڈیا سیل کے قیام کا اعلان
برصغیر
نیشنل کانفرنس حکومت نے 8 مہینوں کے دوران زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کیا:: اشوک کول
تازہ ترین
اودھم پور بارہمولہ ریلوے لنک سے کشمیر کے تمام لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا: سکینہ یتو
تازہ ترین
ریاسی سڑک حادثہ ، گاڑی گہری کھائی میں جاگری ،11افراد زخمی
تازہ ترین

Related

کالممضامین

محسن ِ کشمیرحضرت سید علی ہمدانی ؒ شاہِ ہمدانؒ

June 3, 2025
کالممضامین

سالار عجم شاہِ ہمدان سید علی ہمدانی ؒ ولی اللہ

June 3, 2025
کالممضامین

علم الاخلاق اور سید علی ہمدانی ؒ تجلیات ادراک

June 3, 2025
کالممضامین

فضیلت حج مع توضیح منسلکہ اصطلاحات ایام حج

June 3, 2025

ملک و جہان کی خبروں سے رہیں اپڈیٹ

نیوز لیڑ ای میل پر پائیں

پالیسی

  • ڈیٹا پالیسی
  • پرائیویسی پالیسی
  • استعمال کرنے کی شرائط
  • ڈیٹا پالیسی
  • پرائیویسی پالیسی
  • استعمال کرنے کی شرائط

سیکشن.

  • اداریہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • تعلیم و ثقافت
  • اداریہ
  • برصغیر
  • بین الاقوامی
  • تعلیم و ثقافت

مزید جانیں

  • ہمارے بارے میں
  • رابطہ
  • فیڈ بیک
  • اشتہارات
  • ہمارے بارے میں
  • رابطہ
  • فیڈ بیک
  • اشتہارات
Facebook

Facebook

Twitter

Twitter

Youtube

YouTube

Instagram

Instagram

روزنامہ کشمیر عظمیٰ کی  ویب سائٹ  خبروں اور حالات حاضرہ کے حوالے سے جموں وکشمیر کی  اردو زبان کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹ ہے۔ .. مزید جانیں

© GK Communications Pvt. Ltd.. All Rights Reserved.
Welcome Back!

Sign in to your account

Username or Email Address
Password

Lost your password?