سرینگر//ایس پی ایس میوزیم لال منڈی میںکل محکمہ آر کیوز اینڈ آرکیولاجی کے اہتمام سے انٹرنیشنل میوزیم ڈے کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر سیکریٹری ثقافت دلشادہ خان مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھیں جب کہ ڈائریکٹر ایس پی ایس میوزیم محمد شفیع زاہد،سابق ڈائریکٹر غلام محی الدین،بروڈہ یوپی سے تعلق رکھنے والی پروفیسر امیتابھ ،ابدال مہجور،ایوب صابر اوردیگرسرکردہ شخصیات کے علاوہ سکولی بچوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے بولتے ہوئے سیکریٹری موصوفہ نے ثقافت اور ثقافتی ورثوں کے تحفظ کے لئے انفرادی اور اوراجتماعی کوششوں پر زوردیا تاکہ ثقافتی ورثوں کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھا جاسکے۔چنار کے درختوں کی افادیت اور اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ چنارکشمیریت کی ایک پہچان ہے اورسیاحوں کیلئے باعث کشش بھی۔انہوںنے کہا کہ چنار کے پیڑوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہیں۔اس موقعہ پر مقررین نے کشمیری ثقافت،ورثے اور میوزیم میں رکھے گئے عجائبات اورنوادرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوںنے کشمیری زبان کی بقأ اورترقی کے لئے بھی اقدامات کرنے پرزوردیا۔تقریب کے دوران ڈائریکٹر ایس پی ایس میوزیم جی ایم زاہد کی تصنیف JK Museum Speaksکی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔