عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر میں بھاجپاانچارج، ترون چگ نے اتوار کو کہا کہ جموں اگلی حکومت کا فیصلہ کرے گا اور بی جے پی جموں خطے کو انصاف دینے کے لیے پْرعزم ہے۔چگ نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں کہا’’جموں کو تین خاندانوں، یعنی عبداللہ، مفتی اور گاندھی، کی جانب سے کئی دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’یہ پہلی بار ہے کہ جموں اگلی حکومت کا فیصلہ کرے گا‘‘۔انہوں نے سوال کیا کہ’’اب تک جموں و کشمیر سے کوئی وزیراعلیٰ کیوں نہیں آیا؟‘‘اور کہا’’یہ تین خاندان ہمیشہ جموں و کشمیر کو لوٹتے رہے اور جموں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا‘‘۔چگ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دو مراحل میں ہونے والی ووٹنگ ان تین خاندانوں کے خلاف ہے اور اب لوگ ان خاندانوں سے نفرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا’’پہلے دو مراحل میں ہونے والی ووٹنگ عبداللہ، مفتی اور گاندھی کے خلاف ہے اور عمر، گاندھی اور مفتی اس انتخابات میں ہار جائیں گے‘‘۔چگ نے یہ بھی کہا کہ عبداللہ اور مفتی محض 6% سے 8% ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ بنتے رہے۔ یہ پہلی انتخاب ہے جب بائیکاٹ اور تشدد نہیں ہوا اور لوگوں نے ان تین خاندانوں کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ خاندان، جو نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر اور ہتھیار دے رہے تھے، اب بے شرمی سے لوگوں کے پاس ووٹ مانگنے جا رہے ہیں۔چگ نے کہاکہ کانگریس مکمل طور پر نیشنل کانفرنس کے ساتھ ہے، جو یہ کہتی ہے کہ وہ قید شدہ دہشت گردوں، پتھراؤ کرنے والوں کو رہا کریں گے اور دفعہ 370 واپس لائیں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر عبداللہ دس بار بھی پیدا ہوں، تو دفعہ 370 واپس نہیں آئے گا۔ چگ نے کہا کہ بی جے پی جموں خطے کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پْرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گلمرگ اور پہلگام جیسی سیاحتی جگہوں کو ترقی دیں گے۔چگ نے کہا کہ جموں قوم پرست قوم ہے اور اس نے کشمیری پنڈتوں، پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین یا دوسروں کو قبول کیا ہے۔ ہم جموں و کشمیر کو دنیا کا سیاحتی دارالحکومت بنائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ جب تک ایک بھی بی جے پی کا کارکن موجود ہے، ترنگا ہمیشہ کشمیر میں لہرائے گا۔ انہوں نے مزید کہا’’بلٹ ہارے گا اور بیلٹ جیتے گا‘‘۔