عظمیٰ نیوز سروس
بانہال// قصبہ بانہال کے ہولن محلہ سے تعلق رکھنے والے معزز شخصیات میں شامل عبدالرحمان ڈار المعروف پردیسی مختصر علالت کے بعد جمعرات کی ابتدائی ساعتوں میں داعی اجل کو لبّیک کہہ گئے ہیں وہ 96 برس کے تھے ۔مرحوم عبدالرحمان ڈار کی رحلت پر کئی سیاسی ، سماجی اور دینی جماعتوں اپنے رنچ و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائیں کی گئیں اور مرحوم عبدالرحمان ڈار کے گھر واقع ہولن جاکر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔ مرحوم عبدالرحمان ڈار ممبر اسمبلی بانہال حاجی سجاد شاہین ممبر اسمبلی بانہال کے ہمسائیہ اور رشتہ دار تھے جبکہ مرحوم عبدالرحمان ڈار نیشنل کانفرنس کے شعلہ بیان یوتھ لیڈر اور صوبائی صدر طارق احمد ڈار ، امتیاز احمد ڈار ملازم محکمہ جنگلات اور محکمہ پولیس میں ںتنویر احمد ڈار کے والد تھے ۔ وہ کشمیر عظمیٰ سے منسلک صحافی محمد تسکین وانی کی اہلیہ کے بڑے چاچا جی بھی تھے۔ عبدالرحمان ڈار اصل میں سرینگر کے حول سے تعلق رکھتے تھے اور سنہ 1947 کے آس پاس عبدالرحمان ڈار چھوٹی ہی عمری میں اپنے چھوٹے بھائی مرحوم احمد اللہ ڈار کے ہمراہ بانہال آگئے اور وقت کے ساتھ وہ یہاں کی سکونت اختیار کر گئے اور ہولن کے بڑے جاگیر دار عبد الغنی ڈار کی چھوٹی بیٹی سے نکاح کرکے گھر داماد ہوئے۔ سرینگر سے بھی ان کے رشتے دار اور بھانجے بھانجیاں بھی مرحوم کے جنازے اور تعزیت کیلئے بانہال پہنچے تھے۔ مرحوم عبدالرحمان ڈار سابقہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں اپنے ہوٹل ، پردیسی ہوٹل کے نام مہشور تھے اور وہ کم وبیش ساٹھ سال تک ہوٹل کے کاروبار جڑے رہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے دس سالوں سے زائد کا عرصہ پاکستان اور چین میں گزارے تھے۔ مرحوم عبدالرحمان ڈار ایک شریف النفس ، خوش اخلاق ، ملنسار انسان اور انسان دوست شخصیت کے مالک تھے اور وہ علم و ادب کے علاؤہ جموں و کشمیر کی سیاسی اور ریاستی تاریخ پر گہری نظر رکھتے تھے ۔ ان کی وفات پر کئی سیاسی ، مذہبی اور سماجی تنظیموں نے اپنے رنچ و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے اللہ رب العالمین سے دعائے مغفرت کی ہے اور لواحقین کے صبر و تحمل کی دعا کی گئی یے۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈروں اور ممبر اسمبلی سجاد شاہین اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے محمد سلیم بٹ سمیت کئی سماجی اور سیاسی جماعتوں ڈار کنبہ خصوصاً نیشنل کانفرنس یوتھ صدر صوبہ جموں طارق احمد ڈار سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ مرحوم عبدالرحمان ڈار کی اجتماعی قرآن و فاتحہ خوانی اتوار کے روز انکے گھر واقع ہولن میں ادا کی جائے گی۔