جموں//قانون ، انصاف اور دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان نے پالتھین پر عائد پابندی کو سختی سے عملانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دیہات کو پالتھین سے پاک کرنے کی مہم کے اہداف حاصل کئے جاسکیں۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے جموں صوبے میں پالتھین مخالف مہم کے ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیتے ہوئے کیا۔انہوںنے جموں میونسپل کمیٹی ، ایکسائز محکمے اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کے افسروں کو ہدایت کہ وہ ریاست میں پالتھین کے داخلے پر سختی سے پابندی عائد کریں ۔انہوںنے کہا کہ لکھن پور اور دیگر مقامات پر کڑی نظر گزر رکھی جانی چاہئے تاکہ ریاست میں پالتھین کی درآمد کو روکا جاسکے۔ پالتھین مخالف مہم کی اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے عوام نے اپنا بھرپور تعاون دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جموں صوبے میں 4 بلاکوں اور 34پنچایتوں کو پالتھین سے پاک قرار دیا گیا ہے اور پوری ریاست میں اس مہم کو کامیاب بنانے کی ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 11؍مئی شرو ع ہونے والی اس مہم کے دوران اب تک جموںصوبے میں 6167.63 کلوگرام پالتھین جمع کیا گیا ہے جبکہ 1103.91کلو گرام پالتھین دکانداروں اور پیدل چلنے والوں سے ضبط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پالتھین کو سائنسی طریقے پر ٹھکانے لگایا جائے گااور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ماحولیا ت کو کوئی نقصان نہ پہنچے ۔میٹنگ میں ڈی سی راجور ی ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، ڈی سی ادھمپور نیرج کمار،ڈی سی جموں راجیو شرما ، ڈی سی کٹھوعہ رومیش کمار ،ڈی سی ریاسی رویندر کمار ، ڈی سی کشتواڑ جی این بلوان، کمشنر جے ایم سی ایم راجوا ور کئی محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
میونسپل کارپوریشن ٹیم کامختلف بازاروں کامعائنہ
بھاری مقدارمیں مومی لفافے ضبط،12ہزارجرمانہ وصول
جموں//جموںمیونسپل کارپوریشن نے پالی تھین مخالف مہم چلائی جس کے تحت انفورسمنٹ افسرکی قیادت میں ٹیم نے مختلف بازاروں کامعائنہ کرکے مومی لفافے ضبط کئے۔اس مہم کے تحت اندراچوک، مہیش پورہ چوک، بھاگوتی نگر بازاروں میں ٹیم نے چیکنگ کی جس کے دوران مومی لفافوں کااستعمال کرنے والے دکانداروں سے 12,400 روپے جرمانہ وصول کیا۔ جے ایم سی ٹیم نے تاجربرادری سے مومی لفافوں کے استعمال پرمکمل روک لگانے کیلئے تعاون طلب کیا۔ ٹیم نے پالی تھین کے مضراثرات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔