گاندربل // سوشل میڈیا پرعام نوجوان کی تصویر وائرل کر کے اسے جنگجو ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایس ایس پی گاندربل فیاض احمدنے پریس کانفرنس میں کہا کہ 28 مارچ کو بی ہامہ گاندربل کے مقامی شہری فاروق احمد میر نے پولیس اسٹیشن گاندربل میں شکایت درج کرائی کہ اس کے فرزند عاقب فاروق میر ،جو کہ پیشہ سے دوکاندار ہے، کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرعل کر کے عمر شیر گوجری عرف ابو ذی شان کے طور پر ظاہر کر کے حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجو جتلایا گیا ۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے منظور احمد گنائی ولد محمد منور ساکن مسجد پورہ تولہ مولہ کی گرفتاری عمل میں لائی جو اس میں ملوث تھا اس سلسلے میں کیس زیر نمبر 45/2018 درج کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مانیٹرنگ سیل قائم کی ہے جو فیس بک اور وٹس ایپ پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ایک اورکارروائی میں پتی شالہ بگ میں دوران تلاشی مہم بالائی ورکر نذیر احمد ملک ولد عبدالخالق کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جس کی تحویل سے جنگجوؤں کی وردیاں اور حزب المجاہدین کی مہریں وغیرہ ضبط کی گئیں۔ اس کے خلاف کیس زیر نمبر 41/2018 درج کیا گیاہے۔