شوپیاں//شوپیا ں ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوامی جائیداد کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضلع مجسٹریٹ شوپیاں نے پورے ضلع میں 3 مئی سے دفعہ 144 نافذکرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔یہ احکامات اگلے ایک ماہ تک نافذ العمل رہیں گے ۔حکمنامے کے مطابق ضلع میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ، یا ڈیوٹی مجسٹریٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد ہوگی ۔اس کے علاوہ آرمڈ فورس / پولیس/ پولیس مجسٹریٹ اورمجاز سرکاری ملازم کو چھوڑ کر کوئی بھی شخص ایسے ہتھیار یا چیز اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتے جسے حملہ کرنے کے طور پر استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص تقریر کرنے یا کسی طرح کا اعلان کرنے کے لئے چلتی گاڑی سے لائوڈ سپیکر یا اس طرح کے آلات کا استعمال نہیں کرسکتا ہے ۔ اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ شوپیاں سے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔تاہم لوگوں کے نقل و حمل اور جمع ہونے کی پابندی مسجدوں میں عبادت یا دیگر عبادت گاہوں میں لوگوں کے جمع ہونے پر یہ پابندی عائد نہیں ہوگی۔ حکمنامے میں شوپیاں کے سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ پابندیوں کو عملانے کے لئے ضرورت کے مطابق نفری کو تعینات کریں۔
پولنگ سے قبل 61گرفتار
شوپیان // پلوامہ میں دو روز کے دوران40نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے شوپیان میں 21نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔دونوں اضلاع میں 6مئی کو انتخابات سے قبل ابتک 61نوجوانوں کو پابند سلال کیا گیا ہے، جن میں کئی نوجوانوں کے والد اور کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔پلوامہ کے مورن ، نیوہ، گڈورہ اور پاریگام دیہات میںابتک 40نوجوانوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فورسز اور پولیس نے نادی گام شوپیان میں 10اور ناروائو اور وہیل دیہات سے مزید6 نوجوانوں کو چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران حراست میں لیکر تھانے میں بند کردیا ہے۔ان میں نادی گام کے بلال یوسف ڈار، اعجاز مولوی، عامر ملک،دو بھائی شاکر گنائی وعامر گنائی پسران نذیر احمد،وسیم تانترے،یاسر چوپان،فردوس احمد ملک،باسط تانترے اور نذیر ملک شامل ہیں۔اسی شب ناروائو اور وہیل دیہات میں رات بھر شبانہ چھاپے ڈالے گئے اور دو بھائیوں سمیت 6نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ان میں طالب علم رفیع احمد لون، دو بھائی توصیف یعقوب گنائی و یاسر یعقوب گنائی پسران محمد یعقوب،محمد اشرف بٹ اور سمیر احمد بٹ ساکن وہیل شوپیان شامل ہیں۔یاد رہے کیگام شوپیان میں پہلے ہی 4نوجوانوں اوراویند راولپورہ میں ایک نوجوان کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔اس طرح دونوں اضلاع میں ابتک61افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔