عام آدمی پارٹی کا اسمبلی انتخابات میں تاخیر کیخلاف احتجاج بی جے پی انتخابات سے خوفزدہ ، عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے میدان کھو دیا ہے : ہرش دیو سنگھ

جموں//جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں غیر معمولی تاخیر پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رضاکاروں نے جموں میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور جموں و کشمیر میں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تاکہ جمہوریت بھال ہو سکے ۔عام آدمی پارٹی کی جموں و کشمیر رابطہ کمیٹی کے انچارج ہرش دیو سنگھ کی سربراہی میں پارٹی کے رضاکاروں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے جموں دفتر کے سامنے اسمبلی انتخابات کی تاخیر کے خلاف نعرے بازی کی۔انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کو جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد میں طویل تاخیر پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مجموعی نظام حکومت متاثر ہو رہا ہے اور ایک عام آدمی کو بے بس حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہرش دیو سنگھ نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات جمہوریت کی بحالی کے لیے وقت کی ضرورت ہے کیونکہ لوگ جمہوری طور پر منتخب حکومت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے اور جموں و کشمیر میں اپنی پراکسی حکمرانی کو قائم رکھنے کی پوری کوشش کر رہی ہے -سنگھ نے بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے جمہوریت کو بحال کرنے اور بغیر کسی تاخیر کے انتخابات کرانے کے لیے کہا اور مزید کہا کہ بی جے پی انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے کیونکہ وہ اچھی طرح جانتی ہے کہ حالات اس کے ہاتھ سے نکل چکی ہیں اور لوگ انہیں غلط حکمرانی کا سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا بی جے پی کی اشاروں پر کام کر رہا ہے جو کہ افسوسناک صورتحال ہے۔ ترجمان گگن پرتاپ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے کیونکہ وہ اس حقیقت سے واقف ہے کہ وہ اپنی بنیاد کھو چکی ہے۔ پارٹی لیڈر یشپال کنڈل نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی خود جموں و کشمیر کے لوگوں کو جمہوری حقوق سے محروم کر رہی ہے کیونکہ وہ عوامی منتخب حکومت کو اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتی۔کنڈل نے کہا “بی جے پی اپنے پراکسی بیوروکریٹک سیٹ اپ کے ذریعے جموں و کشمیر پر حکومت کرنا چاہتی ہے کیونکہ وہ اچھی طرح جانتی ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ اگلے انتخابات میں بی جے پی کے خلاف ووٹ دیں گے۔”