زاہد بشیر
گول//عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر سب ڈویژن گول میں ماحول کے تحفظ اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی صفائی و شجرکاری مہم کا اہتمام کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد عوام میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا، قدرتی وسائل کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنا اور مقامی سطح پر ماحولیات کے حوالے سے عملی اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔یہ مہم سب ڈویژنل مجسٹریٹ گول امتیاز احمد کی قیادت میں منعقد کی گئی، جس میں تحصیلدار گول ہرجیت سنگھ ، رینج آفیسر گول سجاد احمد ،فارسٹر نذیر احمد نائیک،انڈین آرمی کے علاوہ محکمہ جنگلات، کے دیگر آفیسران وعام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔یہ مہم گول کے منزم کنڈ علاقہ میں ہوئی اس دوران پلاسٹک کچرے، غیر ضروری اشیاء اور فضلہ جات کو اکٹھا کر کے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا بعد ازاں مختلف مقامات پر شجرکاری کی گئی۔اس موقع پر ایس ڈی ایم گول امتیاز احمد نے کہا کہ “ماحولیاتی تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ صاف ستھرا ماحول قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ شجرکاری صرف ایک دن کا عمل نہیں بلکہ ایک مسلسل عہد ہے زندگی کو بہتر بنانے کے لیے‘‘۔محکمہ جنگلات، تعلیم اور صفائی عامہ کے افسران نے بھی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، جنگلات کی اہمیت، اور پانی و ہوا کے تحفظ پر روشنی ڈالی۔آخر میں تمام شرکاء نے ایک حلف لیا کہ وہ اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے، شجرکاری کو فروغ دینے اور پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔یہ مہم نہ صرف مقامی سطح پر بیداری پیدا کرنے کا ذریعہ بنی، بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثبت پیغام بھی چھوڑ گئی۔وہیں اس دوران سنگلدان نیابت میں بھی مختلف جگہوں پر صفائی و شجر کاری کا اہتمام کیا گیا جہاں پر معزز شہروں و سکولی بچوں نے بھی اس مہم میں حصہ لیا ۔