پونچھ/ /ضلع ریڈ کراس سوسائٹی پونچھ کے زیر اہتمام عالمی یوم ریڈ کراس پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔اس سلسلہ میں گرلز ہائر سکنڈری اسکول شیش محل پونچھ سے ایک ریلی بر آمد کی گئی جس میں سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔یہ ریلی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر سے ہوتے ہوئے قلعہ مارکیٹ پہنچی اور پھر وہاں سے صدر بازر سے گزرتے ہوئے ناخاں والی سڑک کے راستے کرشن چندر پارک میں اختتام پذیر ہوئی ۔اس ریلی کے دوران طلبہ و طالبات نے اپنے ہاتھوں میں مختلف قسم کے بینر اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کرتے ہوئے قدم سے قدم ملا کر چل رہے تھے۔اسی سلسلہ میںایک اہم پروگرام کرشن چندر پارک میں منعقد ہوا جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے کی ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے بحیثیت مہمان خصوصی شامل ہوئے۔ پروگرام کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات، سماجی کارکنوں، رضاکاروں اور معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔اس دوران مختلف اسکول کے طلبہ میں بحث و مباحثہ ہوا ۔ مباحثہ میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں نقدی انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ریڈ کراس کی تحریک کو بنیادی اصولوں پر اجاگر کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس میں سبھی کو غیر جانبداری اور رضاکارانہ طور پر حصہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایک عظیم مقصد کے لئے منعقد کیاگیاہے اس لئے اس میں سبھی کا شامل ہو نا ضروری ہے۔ ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے بھی اس دوران خطاب کرتے ہوئے آج کے دن کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے دوران اے ڈی سی گرویندرجیت سنگھ، ڈی پی او مکھن لال،ڈی وائی ایس پی آپریشن سلیم بٹ، کے کے کپور اور تعلیمی اداروں کے پرنسپل بھی موجود تھے۔