جموں//صوبہ جموں کے مختلف اضلاع میں متعددتنظیموں کی جانب سے عالمی یوم ریڈکراس منایاگیا ۔انڈین ریڈکراس سوسائٹی جموں نے ریڈکراس تحریک کے بانی اور نوبل انعام یافتہ جین ہینری ڈوننٹ کے جنم دن کے سلسلے میں ایک تقریب کاانعقاد کیا۔ ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹرایم کے بھنڈاری اس موقعہ پرمہمان خصوصی تھے۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر انورادھا گپتا، ایس ایس پی سنیل گپتا اوردیگرسینئرعہدیدارا ن بھی موجودتھے۔اس موقعہ پر ڈاکٹربھنڈاری نے متعددمحکموں بشمول صحت، سماجی بہبود اورٹرانسپورٹ کے اہلکاروں کوابتدائی طبی امدادفراہم کرنے کی تربیت دینے کی ضرورت پرزوردیاتاکہ ہنگامی حالات میں وہ متاثرین کی مددکرسکیں۔علاوہ ازیںریاست کے دیگرحصوں کی طرح ادھم پور میں بھی عالمی ریڈکراس ڈے منایاگیا۔اس سلسلے میں گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول سے ایک ریلی نکالی گئی جسے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سبھاش چندر ڈوگرہ نے ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔ریلی میں سکولی طلباء نے اپنے ہاتھوں میں بینرس اورپلے کارڈ اٹھارکھے تھے ۔ریلی گول مارکیٹ ، رام نگرچوک ،کورٹ روڈ، سلاتھیہ چوک سے ہوتی ہوئی ڈپٹی کمشنر دفترپہنچ کراختتام پذیرہوئی۔ریلی کے بعد ایک تقریب منعقدکی گئی جس میں مختلف سکولوں کے طلباء نے خیالات کااظہارکرتے ہوئے ریڈکراس سوسائٹی کی خدمات پرروشنی ڈالی۔انہوں نے آفات سماوی کے دوران انسانی جانوں کوبچانے کیلئے انجام دی گئی رول کواُجاگرکیا۔علاوہ ازیں عالمی ریڈکراس دن کے موقعہ پر ہربلاک میں طبی کیمپوں کااہتمام بھی کیاگیاتھا۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے طلباء پر انسانی جانوں کوبچانے کیلئے اپناکردارنبھانے کیلئے آگے آنے پرزوردیا۔انہوں نے طلباء سے لوگوں میں ریڈکراس سوسائٹی سے متعلق بیداری پیداکرنے کی بھی تلقین کی۔ اس موقعہ پر سیکریٹری ضلع ریڈکراس سوسائٹی ادھم پور ڈاکٹر وی پی شرما، پرنسپل گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول بوائز ویدپرکاش ، ڈپٹی سی ای او رام کمارگپتا، ٹیچروں، لائف ممبران ، رضاکاروں اورطلباء موجودتھے۔