جموں//گورنر این این ووہرا نے خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کی جانب سے عالمی یومِ تحفظ حقوق ِ صارفین کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔گورنر نے صارفین کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے جامع کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں بنائے جارہے نئے مرکزی قوانین کی موثر عمل آوری کی تلقین کی۔ گورنر نے کہا کہ صارفین کو اُن کے حقوق کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا اہم ہے۔گورنر نے محکمہ امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی کو ریاست میں اشیائے ضروریہ اور راشن کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے مطلوبہ فیصلے لینے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے ہر سطح پر نظام میں شفافیت لانیکی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر نے وزیر موصوف سے تلقین کی کہ وہ غیر مستحق افراد کو الگ کرنے کے عمل میں سرعت لائیں تا کہ وہ سبسڈی کا غیر منصفانہ فائدہ نہ لے سکیں۔ گورنر نے ریاستی حکومت کو مسلسل تعاون فراہم کرنے پر امور صارفین کی مرکزی وزارت کے سیکرٹری کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ریاستی وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے اپنی تقریر میں اُن اقدامات کا ذکر کیا جو اُن کے محکمہ نے ریاستی عوام اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کئے ہیں۔مرکزی سیکرٹری ہیم کمار پانڈے نے حقوق صارفین کا تفصیلی طور ذکر کرتے ہوئے اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی کوششوں کی سراہنا کی۔ نیشنل گیراج کے منیجنگ ڈائریکٹر چندر گولائی اور کنزیومر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر وکرم گور نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔محکمہ کے سیکرٹری شفیق رینہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ وزیر مملکت اجے نندہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل کلچرل پروگرام کے علاوہ حقوق صارفین کے موضوع پر ایک پلے بھی پیش کیا گیا۔دریں اثناخوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے نظام میں شفافیت لاکر صارفین کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔آج یہاں عالمی یوم صارفین کے موقعہ پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے محکمہ خوراک وامور صارفین کو ریاست کی بہبود کے لئے ایک کلیدی محکمہ قرار دیا اور کہا کہ یہی محکمہ عوام اور حکومت کے مابین رابطہ کو مستحکم کرتا ہے۔ وزیر نے کہا کہ حقوق صارفین کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس عمل میں کوتاہی برتنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔وزیر نے کہاکہ غیر منصفانہ تجارت کے خلاف آواز بلند کرنا صارفین کا حق ہے اور اسی سے خدمات کی بہتروی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔وزیر نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور صارفین کے شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے ایک موثر سیل قائم کی گئی ہے۔عالمی یوم صارفین کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ دِن ہمیں صارفین کے حقوق کے بارے میں جانکاری عام کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دِن کا تصور امریکی صدر جان ایف کنیڈی نے دیا جنہوں نے اس سلسلے میں15 مارچ1962 کو امریکی کانگریس کو خطاب کیا۔چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت نے نظام میں شفافیت لانے کی غرض سے ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خط افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والی خواتین میں تقریباً3 لاکھ گیس کنکشن تقسیم کئے گئے ہیں۔ریاست میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جموں خطے میں سال2016 کے9 ماہ کے دوران3109 معاملات درج کئے گئے اور3049 معاملات میں3771850 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر خطے میں1997 ایسے تاجروں سے1630400 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ وزیر نے کہا کہ حکومت نے صارفین کے حقوق ضائع کرنے کی پاداش میں کئی بین الاقوامی کمپنیوں کے خلاف بھی کاروائی کی ہے۔اس موقعہ پر موجودہ خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کی مرکزی وزارت کے سیکرٹری ہیم پانڈے نے کہا کہ مرکزی سرکار ریاست جموں وکشمیر کی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو دیئے جانے فنڈس میں25 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔بعد میں خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر مملکت اجے نندہ نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔