سرینگر //بین الاقوامی ’’یوم امن‘‘ کے دن کے موقعہ پر کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب نے پریس کالونی میں پرامن احتجاج کرتے ہوئے کشمیر مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔احتجاج کے دوران اُن کے ہمراہ تحریک خواتین کی کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دن کافی اہم ہے اور اس پر کشمیر کے متعلق بات کرنا بھی ضروری ہے کیونکہ جموں وکشمیر میں صورتحال خراب ہے او ر کشمیریوں کے اوپر جنگ مسلط کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اس سے صرف تباہی اور بربادی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا مسئلہ جو پچھلے کئی برسوں سے لٹکا ہوا ہے، کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرور ت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری جنگ نہیں چاہتے ہیں لیکن امن ،خوشحالی اور آزادی کا بھی احترام کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر ی امن پر اتفاق رکھتے ہیں لیکن کشمیر مسئلے کو پرامن اور مخلصانہ طور حل کرنے کی کوشش نہیں کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے ۔