سرینگر// عالمی یوم اساتذہ پرایس ایس اے و رمسا کے مدرسین کی ہڈی پسلی ایک کر کے عزت و آبرو کا مقام دیا گیا۔پولیس نے رہبر تعلیم اساتذہ کی طرف سے ایس کے آئی سی سی مارچ کو ناکام بناتے ہوئے مدرسین کی جم کر دھنائی کی اور ان پر ڈنڈے برسائے۔ عالمی سطح پر اساتذہ کو عزت و تکریم سے نوازنے کیلئے5 ستمبر کو یوم اساتذہ منایا جاتا ہے۔اساتذہ میونسپل پارک(شیر کشمیر) میں جمع ہوئے تھے اور وہاں سے جلوس نکالنے لگے۔تاہم مپولیس نے پہلے ہی پارک کو چاروں اطراف سے گھیرے میںلیا تھا۔ ریذیڈنسی روڑ پر پیشگی میں ہی جلوس کو تتر بتر کرنے کیلئے رنگین پانی کا چھڑکائو کرنے والی گاڑیوں کو بھی کھڑا کیا گیا تھا۔بعد از دوپہر جونہی اساتذہ نے رہبر تعلیم ٹیچرس صدر فاروق احمد تانترے کی سربراہی میں مولانا آزاد روڑ کی طرف پیش قدمی کی۔اس موقعہ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اساتذہ پر تیز رنگین پانی کا چھڑکائو کیا،جس کی وجہ سے جلوس میں شامل لوگ تتر بتر ہوئے ۔ بعد میں وہ پھر جمع ہوئے تو پولیس نے احتجاجی مدرسین پر یلغار کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا،جس کی وجہ سے احتجاجیوں میں کھلبلی مچ گئی اور وہ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے۔ کچھ احتجاجی مدرسین کا فلوری کلچر پارک کی طرف جانے کے دوران پولیس نے تعاقب کیااور انکی خوب دھلائی کی۔اس دوران رہبر تعلیم ٹیچرس چیئرمین فاروق احمد گنائی،سربراہ بی اے ڈار،جنرل سیکریٹری جہانگیر عالم خان،طالب حسین،اقبال بٹ،ایم اے وانی،زیڈ ڈی بیگ،آفتاب ملک،راہی ارشاد،خالد رفیق،محمد یعقوب،آفتاب تانترے،انتخاب عالم سمیت درجنوں اساتذہ کو حراست میں لیا گیا۔ادھرٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے اساتذہ کی سلسلہ وار بھوک ہڑتال جاری رہی۔ہڑتالی اساتذہ نے پرتاپ پارک کے ارد گرد سیاہ جھنڈے بھی نصب کئے تھے،جبکہ مذکورہ پارک کے کئی چکر لگا کر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا،جس دوران انہوں نے بینر اور پلے کارڑبھی اٹھا رکھے تھے،جن پر انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج کئے تھے۔بھوک ہڑتال کیمپ میں کئی افراد پر غشی بھی طاری ہوئی،جنہیں گلکوز چڑھایا گیا۔ احتجاجی اساتذہ کے کیمپ میں لوک جن شکتی پارٹی کے قومی ترجمان سنجے صراف بھی شامل ہوئے۔ٹیچرس جوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی چیئرمین شوکت احمد چودھری بھی اساتذہ کے احتجاجی خیمے میں پہنچ گئے اور مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انکی حمایت کا اعلان کیا۔ بھوک ہڑتال میں یکجہتی کے طور پر ایجیک کے دوسرے دھڑے کے سربراہ خان مشتاق کے علاوہ عبدالقیوم وانی کی سربراہی والے دھڑے کے فیاض شبنم،شبیر احمد لنگو،سجاد پرے سمیت ملازم لیڈر منظور پانپوری، کالج پروفیسرس ایسو سی ایشن کے صدر طارق عشائی،کے این ایس کے مدیر اعلی محمد اسلم بٹ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے عبدالقیوم وانی نے کہا کہ جائز حق کے لئے ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی پچھلے چار ماہ سے بر سر جد و جہدہے۔انہوں نے کہا کہ بھوک ہڑتال تب تک جاری رہے گی جب تک اساتذہ ساتویں تنخواہ کمیشن سے مستفید نہیں ہوتے ہیں۔رہبر تعلیم ٹیچرس کے چیئرمین فاروق احمد تانترے سے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ہماری مستقلی کے حوالے سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں زبردستی سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کررہی ہے، کیونکہ ساتویں تنخواہ کمیشن کا اطلاق اساتذہ کا قانونی ، آئینی اور جمہوری حق ہے ۔