عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/عالمی یوم اردو ایوارڈز کمیٹی (زیراہتمام عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی) کی ایک اہم میٹنگ زیرصدارت سینئر صحافی جلال الدین، دریاگنج، نئی دہلی میں منعقد ہوئی ایوارڈز کمیٹی میں ڈاکٹر سیّد احمد خاں کے علاوہ اشرف علی بستوی (چیف ایڈیٹر، ایشیا ٹائمز، نئی دہلی)، سہیل انجم (سابق نامہ نگار وائس آف امریکہ)، جاوید اختر (ایڈیٹرڈی ڈبلیو اردو، جرمنی دہلی بیورو) بطور جیوری شامل ہوئے۔
عالمی یوم اردومنتظمہ کمیٹی کی ایک ریلیز کے مطابق حسب روایت 9 نومبر 2025 کو عالمی یوم اردو کے موقع پر تفویض کیے جانے والے ایوارڈز کا انتخاب عمل میں آیا۔ پروفیسر بلقیس بانو (شعبہ بایو کیمسٹری، فیکلٹی آف لائف سائنسز، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور ڈاکٹر رئوف خیر (حیدرآباد) کو علامہ محمد اقبال ایوارڈ برائے ادب کے علاوہ پروفیسر کوثر مظہری (جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی) کو مرزا غالب ایوارڈ برائے شاعری، پروفیسر زہرا خاتون (جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی) کو مولانا علی میاں ایوارڈ برائے اردو فارسی زبان، ڈاکٹر عقیل احمد (سکریٹری، غالب اکیڈمی، نئی دہلی) کو مولانا عبدالماجد دریابادی ایوارڈ برائے زبان و ادب، کے ایل نارنگ ساقی (نئی دہلی) کو کنور مہندر سنگھ بیدی ایوارڈ برائے ادب، یاسین مومن (ممبئی) کو قاضی محمد عدیل عباسی ایوارڈ برائے ترویج زبان اردو، سیدہ طلعت نسرین (ٹی این بھارتی، نئی دہلی) کو نور جہاں ثروت ایوارڈ برائے صحافت، سیّد زبیر (مسلم میرر، نئی دہلی) کو مولانا عثمان فار قلیط ایوارڈ برائے صحافت، مولانا عبدالحمید نعمانی (نئی دہلی) کو مولانا ثناء اللہ امرتسری ایوارڈ برائے کالم نویسی۔
اسی طرح سے عبدالمنان (ایڈیٹر یوجنا اردو، نئی دہلی) کو مولانا محمد مسلم ایوارڈ برائے صحافت، جمشید خان (آج تک، نئی دہلی) کو امین سیانی ایوارڈ برائے الکٹرانک میڈیا، سوربھ شکلا (ریڈ مانک، نئی دہلی) کو پنڈت دیونرائن پانڈے ایوارڈ برائے صحافت، عابدانور (یو این آئی اردو، نئی دہلی) کو محفوظ الرحمن ایوارڈ برائے صحافت، شہرت انصاری (خلیل آباد، یوپی) کو امداد صابری ایوارڈ برائے صحافت، حفیظ الرحمن (شارق عدیل، مارہرہ، ضلع ایٹہ، یوپی) کو اسماعیل میرٹھی ایوارڈ برائے شاعری، محمد یامین ذکی (ایڈیٹر ہلال، رامپور) کو ڈاکٹر ذاکر حسین ایوارڈ برائے ادب اطفال، فاروق احمد (دور درشن، دہلی) کو علمت یٰسین ایوارڈ برائے فروغ اردو، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمن صدیقی (علی گڑھ) کو مظہرالدین خاں ایوارڈ برائے درس و تدریس، ماسٹر اقبال احمد (سابق ہیڈ ماسٹر جامعہ مڈل اسکول، نئی دہلی) کو مقبول احمد صدیقی ایوارڈ برائے بہترین معلم، پروفیسر عبدالمجید محمد صدیق صدیقی (مالیگائوں) کو مولانا آزاد ایوارڈ برائے قومی یکجہتی، پروفیسر خالد مبشر (جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی) کو حفیظ میرٹھی ایوارڈ برائے نعتیہ شاعری، ڈاکٹر ابراہیم افسر (میرٹھ) کو نصیرالدین ہاشمی ایوارڈ برائے اردو تحقیق، ڈاکٹر عزیر احمد (اسلام پور، مغربی بنگال) کو مولوی عبدالحق ایوارڈ برائے ادب، ڈاکٹر نہال ناظم (مرادآباد) کو ڈاکٹر ابوالفیض عثمانی ایوارڈ برائے فروغ ادب، ڈاکٹر ابوسعد اثری (جھنڈا نگر، نیپال) کو انڈونیپال فرینڈشپ ایوارڈ اور ہدایت پبلی کیشنز، نئی دہلی (سیّد ابوالاعلیٰ سبحانی) کو منشی نول کشور ایوارڈ برائے نشر و اشاعت کے لیے منتخب کیا گیا۔
عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے عالمی یوم اردو ایوارڈز کے لیے منتخب حضرات سے فروغ اردو میں نمایاں کردار نبھانے کی امید ظاہر کی ہے۔
عالمی یوم اردو ایوارڈز 2025 کا اعلان
