گندو//عالمی یومِ شجر کاری کے موقع پر محکمہ جنگلات کے اشتراک سے ایجوکیشنل ،انوائرمنٹل،سوشیل اسپورٹس اینڈ کلچرل سوسائٹی آف بھلیسہ کی طرف سے بھلیسہ جنگلات رینج کے کمارٹمنٹ نمبر 108کلہوتران میںدرخت لگانے کی ایک رضا کارانہ مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں سوسائٹی کے رضاکاروں،ماحولیاتی کمیٹیوں کے ارکان اور گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول کلہوتران،گورنمنٹ گرلزہائرا سکنڈری اسکول گواڑی،غیاثیہ ماڈل اسکول چنگا اور گورنمنٹ مڈل اسکول سٹیلا کے سینکڑوں طلاب نے حصہ لیا۔مڈل اسکول اسٹیلا میں کنزرویٹر محکمہ جنگلات چناب سرکل تیج بہادر سنگھ کی صدارت میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ایس ڈی پی او گندو سنی کمار گپتابطورِ مہمانِ خصوصی موجود تھے جب کہ رینج آفیسر بھلیسہ شیخ ظفراللہ ، سوسائٹی کے چیئرمین محمد ایوب زرگر،طالب حسین زرگر آرایم ایس ایف سی،محمد ایوب راتھر لیکچرر، سیکریٹری جماعت علی آگاہؔ،پردیپ کمار لیکچرر ،ماسٹر نصیر احمد،ماسٹر انیس احمد وانی،ڈاکٹر محمد اسلم راتھر،سوسائٹی ماحولیاتی شعبہ کے صدر غلام حسین میر اورسوسائٹی کے پنگل زون کے صدر اسحق رشید ملک کے علاوہ محکمہ جنگلات کے دیگر ملازمین اورعلاقہ کے درجنوں معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔افتتاحی خطاب میں سوسائٹی کے چیئرمین محمد ایوب زرگرنے اس مہم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد عوام خصوصاً نوجوانوں میں شجر کاری کا شعور پیدا کرنااور اُنہیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی طرف راغب کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی طرف سے قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالہ سے نوجوان نسل میںآگاہی پیدا کرنے کے لئے ہر سال شجرکاری مہم چلائی جاتی ہے اور سوسائٹی ماحولیات کے تحفظ کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جنگلات میںآگ کی واردتیں اور ناجازء تجاوزات کی وجہ سے بھلیسہ کے جنگلات سکڑتے جا رہے ہیں جو باعثِ تشویش بات ہے۔ اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جنگلات کی حفاظت کے لئے آگ کی وارداتوں میں ملوث افراد کو ننگا کریں اور تجاوزات کو ہٹانے کے لئے محکمہ جنگلات کو تعاون فراہم کریں نیز سوسائٹی کے ہاتھ مضبوط بنائیں تاکہ سبز سونے کو آئندہ نسلوں کے لئے بچایا جا سکے۔ اپنے صدارتی خطاب میں ایس ڈی پی او گندو نے اس قسم کی مہم شروع کرنے پرسوسائٹی اور محکمہ جنگلات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے جنگلات سکڑتے جا رہے ہیں اُس کے پیشِ نظر اس قسم کے پروگراموں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔اُنہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ ہر سال کم از کم ایک درخت لگائیں اور اُس کے بڑا ہونے تک اُس کی حفاظت کریں۔اپنے صدارتی خطاب میں کزرویٹر چناب سرکل نے کہا کہ عالمی یومِ شجرکاری کی تاریخ اور اس کے پسِ منظر پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اُنہوں نے سوسائٹی کی شجرکاری مہم کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور سوسائٹی اس سلسلہ میں جو کردار ادا کر رہی ہے وہ یقیناً قابلِ تعریف ہے۔اُنہوں نے سوسائٹی کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔سوسائٹی کے سیکریٹری جماعت علی آگاہ نے پروگرام کی نظامت کا فریضہ انجام جب کہ ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول اسٹیلا پرویز احمد خان نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔