جموں//نیشنل بنک فار ایگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ( نبارڈ ) ریاست جموں و کشمیر میں اگلے ماہ سے ’’ پانی بچاؤ مہم ‘‘ کا آغاز کر رہا ہے ۔ نبارڈ اس قومی مہم کے دوران لوگوں کو بارش کا پانی جمع کرنے اور ریاست میں روائتی وسائل کے بچاؤ اور پانی کے معقول استعمال کے بارے میں جانکاری دینے کیلئے کیمپ منعقد کر ے گا ۔ اس سلسلے میں نبارڈ کے جموں و کشمیر علاقائی دفتر نے یہاں عالمی یومِ آب کے موقعہ پر کیا ۔ اس موقعہ پر بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی مہمانِ خصوصی کی حثیت سے موجود تھے ۔ اس موقعہ پر ایک ویڈیو کانفرنس بھی ہوئی جس میں مختلف ریاستوں کے نبارڈ اہلکاروں نے شرکت کی ۔ کانفرنس کے دوران نمائیندوں نے پانی کے تحفظ اور معقول استعمال کیلئے اپنی تجاویز دیں ۔ وزیر نے نبارڈ اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران ریاست بھر میں لوگوں کو اس سلسلے میں جانکاری دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی تلقین کی ۔ وزیر نے اہلکاروں پر زور دیا کہ نبارڈ کے ذریعے حکومت کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں کی موثر عمل آوری یقینی بنائیں ۔ اس موقعہ پر زرعی یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر پی کے شرما ، چیف جنرل منیجر نبارڈ وجے کمار ، جنرل منیجر نبارڈ بی آر پٹنائیک اور دیگر کئی افسران موجود تھے ۔ مقررین نے پانی کے منصفانہ استعمال کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں ۔