عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل// ڈیزائن انوویشن سینٹر نے سکل ہب، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے تعاون سے بدھ کو یونیورسٹی کے گرین کیمپس میں ’’عالمی کاروباری دن‘‘ منایا۔ ڈائریکٹر ڈی آئی سی اور ڈین سکول آف بزنس سٹڈیز، پروفیسر فیاض احمد نیکا نے کہا، “یہ جدت، استقامت اور لچک کے جذبے پر غور کرنے کا لمحہ ہے جو کاروباری افراد کو آگے بڑھاتا ہے۔انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ متجسس رہیں اور مواقع کی تلاش کریں۔ اختراع کو فروغ دینے، مالی مدد فراہم کرنے، اور اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کاروباروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے، حکومت ہند نے انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے کئی اسکیمیں شروع کی ہیں جن میں اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا، مدرا یوجنا (مائکرو یونٹس ڈیولپمنٹ اور ری فنانس ایجنسی)،اٹل انوویشن مشن (AIM)، پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا (PMKVY) وغیرہ شامل ہیں۔مہمان فیکلٹی، پروفیسر جاوید کاملی ،گلووسٹکس سینٹر کے چیف اسٹریٹجی آفیسر، پروفیسر سنیل گنگوانی نے کہا، “طلبہ کو باکس سے ہٹ کر سوچنا ہوگا اور ایک چیلنج کے طور پر کاروبار کو اپنانا ہوگا۔
ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ صحیح تعاون اور وسائل کے ساتھ، کاروباری شخصیت بے روزگاری کو کم کرنے میں گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔” انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو کافی قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور جو لوگ کاروبار کرنے کے خواہشمند ہیں وہ ان سے استفادہ کر سکتے ہیں۔