نئی دہلی؍ کورونا وائرس کووڈ -19 کے بڑھتے اثر کی وجہ سے دنیا بھر میں کرکٹ سرگرمیاں ٹھپ پڑ جانے کے درمیان ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے تجویز دی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ ملتوی کر دی جائے ۔دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم ہندستان ٹیسٹ چمپئن شپ کی ٹیبل میں پہلے مقام پر مضبوطی سے قائم ہے اور فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے کی مضبوط دعویدار ہے ۔ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے ۔ ہندستان اور آسٹریلیا کو اس سال کے آخر میں چار ٹسٹ میچوں کی سریز کھیلنی ہے جبکہ آسٹریلیا اس سیریز کو پانچ ٹیسٹ کی کرانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔کووڈ -19 کے پوری دنیا میں مسلسل بڑھتے ہوئے انفیکشن کی وجہ سے کرکٹ انعقاد بری طرح متاثر ہوئے ہیں جس کے پیش نظر بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) 2023 تک اپنے مستقبل کے پروگراموں میں تبدیلی پر غور کرے گی ۔آئی سی سی نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوئی ایک میٹنگ کے بعد یہ جانکاری دی تھی۔آئی سی سی کے 12 کل وقتی ارکان اور تین معاون نمائندے ممالک کے چیف ایگزیکٹو افسران نے 2023 تک مستقبل کے دوروں اور پروگراموں (ایف ٹی پی ) میں ضرورت کے مطابق تبدیلی کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔اس اجلاس کے بعد بی سی سی آئی کی تجویز آئی ہے کہ عالمی چمپئن شپ کو ملتوی کر دیا جائے کیونکہ 2023 کے مستقبل دورہ پروگرام میں تبدیلی کی منصوبہ بندی ہے ۔ اس میٹنگ میں کوئی بڑا فیصلہ نہیں لیا جا سکا لیکن میٹنگ میں اس پر اتفاق تھا کہ آسٹریلیا میں اکتوبر-نومبر میں ہونے والا ٹی -20 ورلڈ کپ اور 2021 میں فروری مارچ میں نیوزی لینڈ میں ہونے والے خاتون ون ڈے ورلڈ کپ اپنے مقررہ پروگرام کے مطابق ہوں گے ۔آئی سی سی اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق رہا کہ ٹی -20 ورلڈ کپ کے بارے میں ہر ماہ جائزہ لیا جائے اور اگلے ایک ماہ بعد یہ طے کر لیا جائے کہ ورلڈ کپ کا صحیح وقت پر انعقاد کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔اس اجلاس میں تمام رکن ممالک کے اہم ایگزیکٹوز کو آئی سی سی کے تمام ٹورنامنٹوں کے انعقاد کے متعلق بنائی گئی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا گیا جس میں اس سال اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی -20 ورلڈ کپ اور 2021 کے خاتون کرکٹ ورلڈ کپ بھی شامل ہے ۔آئی سی سی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ اور مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے بارے میں بحث اور اس سے متعلق فیصلے کے لئے بعد میں اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں سپر لیگ کے انعقاد کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔سمجھا جاتا ہے کہ اجلاس میں ہندستان واحد بورڈ تھا جس نے عام حالات بحال ہونے تک عالمی چمپئن شپ ملتوی کرنے کی بات کہی۔ اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ چمپئن شپ کے درمیان یہ مشورہ کس بنیاد پر دیا۔