دونوں صوبوں میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،28ویں دن بھی فوتیدگی نہیں
پرویز احمد
سرینگر//26ماہ بعد جموں و کشمیر میں کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔مارچ 2020 میںعالمی وباء کے 26ماہ کے دوران جموں و کشمیر میں 2کروڑ 46لاکھ 42ہزار 881ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4لاکھ 53ہزار 889افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جبکہ وائرس سے 4750افراد کی جانیں گئیں ۔سوموار کو جموں و کشمیر میں لوگوں میں اسوقت خوشی کی ایک لہر دور ڑ گئی جب 2سال سے زائد عرصے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے جاری کئے گئے روزانہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ 18954تشخیصی ٹیسٹوں میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ۔اومیکرون سے یکم جنوری 2022سے پیدا ہونے والی کورونا وائرس کی تیسری لہر 101دنوں میں ہی دم توڑ بیٹھی۔ اومیکرون سے پیدا ہونے والی تیسری لہر کے دوران جموں و کشمیر میں روزانہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد سب سے زیادہ 6570تک پہنچ گئی تاہم کورونا وائرس کی یہ لہر 77دنوں کے بعد ہی دم توڑ بیٹھی کیونکہ 11اپریل 2022کو کورونا وائرس سے کوئی بھی شخص متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر صوبے کے 10اضلاع سرینگر ، بارہمولہ، بڈگام، پلوامہ، اننت ناگ ، کپوارہ ، بانڈی پورہ، کولگام ، شوپیان اور گاندربل میں 16مارچ 2020کے بعد پہلی مرتبہ کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے اور وادی میں متاثرین کی تعداد 2لاکھ 87ہزار 616بنی ہوئی ہے۔ وادی میں مسلسل 38ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے 10اضلاع جموں، ادھمپور، پونچھ، راجوری، کشتواڑ، کٹھوعہ ، ڈوڈہ، سانبہ ، ریاسی اور رام بن مسلسل 8ویں دن بھی کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی اور اس طرح متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 273بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں میں مسلسل 28ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔