نوجوان خیالات کوعملی جامہ پہنائیں، گزشتہ سال 15 ملین درخت لگائے گئے:لیفٹیننٹ گورنر
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کہا کہ نوجوان موسمیاتی تبدیلی اور 21 ویں صدی کے دیگر عالمی چیلنجوں پر عملی حل پیش کرنے میں دنیا کی قیادت کریں گے۔سنہا یہاں کشمیر یونیورسٹی میں یوتھ 20مشاورت کے افتتاحی سیشن ‘موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرے میں کمی: پائیداری کو زندگی کا ایک طریقہ بنانا’ کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے ۔یوتھ 20سمٹ میں میں دنیا بھر سے نوجوانوں کے مندوبین نے عالمی موسمیاتی تبدیلی پر متعدد پینل مباحثوں میں حصہ لیا۔سنہا نے کہا، مجھے یقین ہے کہ نوجوان نسل قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے اختراعی خیالات اور اقدامات کو ہم آہنگ کرے گی اور پائیدار ترقی کے لیے پالیسی سازی میں حصہ دار بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی G20 صدارت کا وژن دو بڑے چیلنجوں ،آب و ہوا کی حفاظت اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے،سے نمٹنے کے لئے مشترکہ ذمہ داری پر توجہ مرکوز کرتا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران 15 ملین سے زیادہ درخت لگائے ۔سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر نہ صرف برف پوش پہاڑوں بلکہ دانشورانہ صلاحیتوں کے لیے بھی مشہور ہے، مجھے اس حقیقت پر فخر ہے کہ ہمارے قدرتی وسائل بڑھ رہے ہیں۔ سنہا نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں سبز احاطہ بڑھ کر 55 فیصد ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ 20 مشاورتی کانفرنس کا پیغام ماحولیات، ترقی اور مساوات، عالمی خوشحالی اور زندگی کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر عالمی شراکت داری میں ایک نئی توانائی کے حوصلہ افزا امکانات کا اشارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 25 سالوں کے لیے بڑے چیلنجز موسمیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔ “اس کا مطلب ہے، ایک خاندان کے طور پر ہمیں زمین کی پرورش کرنے کی ضرورت ہے جو زندگی کو برقرار رکھتی ہے اور پائیدار ترقی کے مقاصد کو عام آدمی کی زندگیوں کو تبدیل کرنے کے لیے اجتماعی کارروائی میں تبدیل کیا جانا چاہیے” ۔سنہا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے ہی فیصلہ کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے ہر چیلنج کے خلاف ایک عوامی تحریک میں لڑیں اور ماحولیات سے متعلق شعوری طرز زندگی کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ نوجوان نسل کی اولین ترجیح بنی ہے اور مجھے یقین ہے کہ نوجوان اس کا اچھا حل نکالیں گے۔سنہا نے یہ بھی کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ نوجوان نسل نے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے عمل کے ساتھ اختراعی خیالات میں اضافہ دیکھا ہے اور صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، ماحولیاتی اور پینے کے صاف پانی کے وسائل سے متعلق پالیسیوں کو تشکیل دینے اور نافذ کرنے کے لیے اس تحریک میں سرگرم حصہ دار بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا’’مجھے یقین ہے کہ ماحولیاتی نظام میں ہر عنصر مختلف میوزک نوٹ کا ہے اور میں نے فطرت کی اس آواز کو آب و ہوا پر اب تک کی بہترین موسیقی قرار دیا” ۔
جی 20 ممالک کے 17مندوبین کی شرکت
سرینگر //ہندوستان کی جی20صدارت کے ایک حصے کے طور پر، یوتھ 20 گروپ کا مشاورتی اجلاس کشمیر یونیورسٹی میں منعقد ہوا تاکہ قوم کے نوجوانوں سے ایک بہتر کل کے لیے خیالات پر مشاورت کی جا سکے اور اس پر عمل کے لیے ایک ایجنڈا تیار کیا جا سکے۔ موسمیاتی تبدیلی اور تباہی کے خطرے میں کمی: پائیداری کو زندگی کا ایک طریقہ بنانا’، کے موضوع پر مختلف ممالک کے 17مندوبین نے شرکت کی۔اس کانفرنس میںانڈونیشیا، میکسیکو، ترکی، روس، جاپان، جمہوریہ کوریا، امریکہ، برازیل اور نائیجیریا جیسے G20 ممالک کے 17 نوجوانوں کے مندوبین نے شرکت کی۔کشمیر یونیورسٹی کے 108 طلبا، جموں و کشمیر کے آس پاس کے اسکولوں کے 34 طلبا، سری نگر کے آس پاس کے کالجوں کے 57 طلبا، جموں کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے 11 طلبا، 33 DoYA مندوبین، یوتھ 20 سیکرٹریٹ کے 25 مندوبین اور 25 طلبا کارکنوں نے بھی مشاورت میں حصہ لیا۔10 مئی کو یونیورسٹی کی جانب سے مغل گارڈن نشاط اور پری محل کے ہیریٹیج ٹور کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد ایک گروپ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔11 مئی کو، یونیورسٹی کانووکیشن کمپلیکس میں موجود تمام مندوبین کے ساتھ ایک صحت مند اور باہمی گفتگو ہوئی۔ افتتاحی سیشن کے ایک حصے کے طور پر، پروفیسر منظور اے شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ پنکج کمار،گرو پرکاش پاسوان ،آکاش جھا، سکریٹری Y20 انڈیا، نے بھی اس موقع پر بات کی۔پروفیسر نیلوفر خان، اعزازی وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر یونیورسٹی نے Y20 کنسلٹیشن کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع کا انتخاب کیا “کیونکہ موسمیاتی بحران کے خلاف اس جنگ میں اگر کسی کو زیادہ دا پر لگا ہے تو وہ نوجوان ہیں۔ اور اگر کوئی اس بحران سے نمٹنے میں مدد کر سکتا ہے تو وہ نوجوان ہیں جو قوم کا مستقبل ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کے امور اور کھیل کے وزیر انوراگ ٹھاکر، اور چانسلر شری منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا۔ ماحولیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی: پائیداری کو زندگی کا ایک طریقہ بنانا کے موضوع پر چار پینل مباحثے ہوئے۔