عظمیٰ نیوز سروس
برسلز//بیلجیم نے غزہ میں اسرائیلی حملوںکو روکنے کیلئے جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں دائر کیے گئے مقدمے کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بیلجیٔم کی وزیر برائے ترقیاتی تعاون کیرولین جینز نے 20 جنوری کو اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’اگر عالمی عدالت انصاف اسرائیل سے غزہ میں اپنی فوجی مہم بند کرنے کا مطالبہ کرتی ہے تو ہمارا ملک اس کی مکمل حمایت کرے گا‘۔انہوں نے کہا کہ ’بیلجیٔم یورپی یونین اور بین الاقوامی سطح پر مستقل جنگ بندی، مکمل انسانی رسائی، یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی، بین الاقوامی قوانین کا احترام اور اس تنازع کے حل کے طور پر دو ریاستی
حل کی درخواست کرتا ہے‘۔کیرولین جینز نے کہا کہ بیلجیٔم کی پوزیشن ’صحیح سمت میں ایک قدم‘ ہے۔ ’ہمارا ملک انسانی حقوق اور انسانی قانون کے لیے اپنی ذمہ داری لے رہا ہے۔ میں جلد از جلد غزہ تک مکمل انسانی رسائی کو حقیقت بنانے کے لیے ہر سطح پر پر اقدامات کے لیے پُرعزم ہوں‘۔