سرینگر// مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے محبوس امیر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے ،جس میں محبوس امیر نے کہاہے کہ مسلکی اختلافات مسلمانوں میں قیامت تک ختم نہیں ہوسکتے ،جو لوگ مسلکی، اختلافات ختم کرنے نکلتے ہیں وہ خود پھر ایک نیا مسلک بن جاتے ہیں۔ڈاکٹر فکتو نے کہاکہ جب امام ابن تیمیہؒ اور شاہ ولی اﷲؒ جیسے مجددین مسلکی اختلافات کو ختم نہیں کرسکے، آج جب اہل علم میں نہ وہ علمی صلاحیت ہے اور نہ ہی امت اسلامیہ میں قبولیت وہ اِن مسلکی اختلافات کو کیسے ختم کرسکتے ہیں؟ اس لئے حقیقت پسندی اور عقلمندی کا تقاضا یہی ہے کہ ان مسلکی اختلافات کو تسلیم کرکے سلفی ، حنفی، مالکی، شافعی اور حنبلی مسالک سے وابستہ علماء متحد ہو کر اْن گمراہ اہل علم کا مقابلہ کریں جو مشہور امریکی ادارہ Rand Corporation، جس نے اسلام کے عقائد ، عبادات اور احکام حلال، حرام کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے اسلام کے متعلق نظریات تبدیل کرنے کا کام شروع کیا ہے، اور یہ کام مذکورہ ادارہ Building Moderate Muslim Networks کی آڑمیں کر رہا ہے، کی سرپر ستی میں آج اسلام کا نیا ایڈیشن تیار کررہے ہیں۔ یہ اہل علم تحقیق اور اجتہاد (Ijthihad) کے نام پر قرآن اور احادیث جو اسلام کے دو بنیادی ذرایئع ہیں تفریق کرکے ’صرف قرآن ‘ کا نظریہ پیش کررہے ہیں۔ رسول اﷲ کی رسالت کو عالمگیریت ختم کرے آپ کو ،عرب کا نبی ‘ (Prophet for Arabs)ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ حالانکہ جسطرح اﷲتعالیٰ نے قیامت تک قرآن مجید کی حفاظت فرمائی ہے اسی طرح قیامت تک رسول اﷲکی رسالت کی حفاظت بھی فرمائی ہے۔اسی طرح کے ’ روشن خیال ‘ اسکالرس (Moderate Scholars)شام ، مصر ، ترکی، تیونس، ملیشیا، پاکستان، بھارت، برطانیہ اور امریکہ میں کافی سرگرم ہیں اور ذرایئع ابلاغ میں ان کو کافی شہرت دی جاتی ہے۔ ہم تمام مسالک سے وابستہ علماء سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ مسلکی تنازعات پر وقت اور سرمایہ ضائع کرنے کے بجائے ان ’روشن خیال‘ اہل علم کی گمراہیوں کا عملی مقابلہ کریں جو اسلام کے اْن عقائد ، عبادات اور احکام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں جن پر مسلمان رسول اﷲکے دور سے آج تک متفق رہے ہیں۔ کیونکہ ان کے گمراہ کن خیالات کشمیر میں بھی پہنچ چکے ہیں۔