جموں //تعلیم اور سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ریاست بھر میں ورلڈ ہیرٹیج ویک منانے کی ہدایت دی ہے تاکہ سیاحت کو فروغ دینے اور ریاست کی قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کے اقداما ت کئے جاسکیں۔وزیر نے اس بات کا اظہار ورلڈ ہیرٹیج ویک منانے کے سلسلے میںمنعقدہ ایک افسروں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جو 19سے 25؍ نومبر منایا جارہا ہے۔وزیر نے کہا کہ ہماری ریاست کاتمدن اور ثقافت بہت قدیم ہے ۔ انہوںنے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس ہفتے کے دوران خصوصی پروگراموں کا انعقاد کریں جن میں نوجوانوں کو بھر پور حصہ لینے کا موقعہ دیا جائے گا۔اس ہفتے کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے وزیر موصوفہ نے حکام کو ہدایت دی کہ ریاست کی تمام ثقافتی عمارات کو چراگاں کرنے کے اقدامات کریں جن میںایس پی ایس میوزیم سرینگر، رنبیر لائبریری، چمبا سٹیچو لیہہ ،ہیرٹیج کمپلیکس دیوان مندر اور مبارک منڈی ، امرسنگھ کالج سرینگر ، جی جی ایم سائنس کالج جموں شامل ہیں۔26؍ نومبر کو اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں خاص شخصیات اور انجمنوں کو ریاست کے تمدن اور ثقافت کو محفوظ رکھنے کے صلہ میں انعامات سے نوازا جائے گا۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ ، سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، سیکرٹری کلچر دلشاد خان ، ڈائریکٹر آر کائیوز محمد شفیع زاہد ، جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت شوکت محمود ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں منیشا سرین و دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔