سرینگر//محکمہ لائبریریز اورریسرچ کی طرف سے 19سے25نومبر تک غنی میموریل ریڈنگ سینٹر راجوری کدل میںعالمی ثقافتی ہفتہ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب کا افتتاح کیا گیا۔اس موقعہ پر محکمہ لائبریریز نے کئی نایاب کتب کی نمائش کی۔700سال پرانی سنسکرت،فارسی اور کشمیری زبانوں میںتحریر کی گئی کتب کو بھی پیش کیا گیا۔سونے کا استعمال کرکے ہاتھ سے لکھے گئے قران شریف،بھگوت گیتا اورانسائیکلو پیڈیا بھی نمائشی مرکز میں رکھا گیا تھا۔اس کے علاوہ کپڑے پر تحریر کی گئیں تاریخ کشمیر پر کتابوں اورحکیم لقمان کی 1870میں تحریر کتابیں بھی پیش کی گئیں۔تقریب کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریریز محترمہ شاہینہ نے کہا کہ ثقافتی ہفتہ منانے کا مقصد یہاں کے مالا مال ثقافتی ورثوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔