نئی دلی//ورلڈ بینک کے ایک اعلی سطحی وفد نے زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ سے ملاقات کی اور ریاست کے زرعی شعبے کے بارے میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ورلڈ بینک کے وفد نے ریاستی زرعی وزیر کو یقین دہانی کی کہ عالمی بینک سبزیوں ، زعفران ، شہد اور مشروم کی پیداوار میں تکنیکی امداد فراہم کرے گا۔ زرعی وزیر نے ورلڈ بینک کے وفد کو بتایا کہ 2014 کے سیلاب کی وجہ سے زراعت کے شعبہ کو بہت نقصان برداشت کرنا پڑا اور ا س سلسلے میں عالمی بینک کو چاہیئے کہ وہ ریاستی حکومت کو ضروری امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ۔وزیر نے وفد کو بتایا کہ ریاست سبزیوں ، مشروم ، شہد ، زعفران اور دیگر فصلوں سے بہت حد تک مستفید ہوتی ہے اور عالمی بینک ریاست کو بہتر بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے اوران اشیاء کومارکیٹنگ کی سہولیات فراہم کرنے میںمدد کرے گا۔ہانجورہ نے کہا کہ ریاست میں اعلیٰ معیار کی سبزیاں پیدا کی جاسکتی ہیں اور ریفریجریٹیڈ وین سبزیوں کو کھیتوں سے مارکیٹ تک پہنچانے میں بہت کار آمد ثابت ہوں گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کلسٹر پیداوار پورے زرعی منظر نامے میں تبدیلی لا سکتاہے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزز کو اس صورتحال میںبھرپور معاونت دینے کی ضرورت ہے ۔زراعت کے وزیر نے کہا کہ زرعی شعبہ کونئے مارکیٹ رجحانات کے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ای کامرس مارکیٹ کے تصور میں انقلاب لاسکتا ہے۔