سرینگر//انجمن شرعی شیعیان سربراہ آغاسید حسن نے ماہ مبارک کی عظمت اور فضلیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کی باہمی اخوت و ہمدردی اور ایک دوسرے کے درد و کرب کومحسوس کرنے کا مہینہ ہے۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ دنیا کی مظلوم ترین اقلیت روہنگیا مسلمان مہذب دنیا سے رحم و کرم کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں لیکن جمہوریت، انسانیت اور عالمی امن کے دعوے دار ان مظلوموں کے قتل عام کا نظارہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو اپنے وطن اور گھروں سے بے دخل کرنے کیلئے بودھ اکثریت گاجر مولی کی طرح کاٹ رہے ہیں اور دنیا کے 56 اسلامی ممالک ان مظلوموں کے قتل عام پر کسی موثراحتجاج سے قاصر نظر ارہے ہیں۔آغا حسن نے عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کے ناطے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کی طرف توجہ مبذول کریں ۔