یو این آئی
نئی دہلی/جموں کشمیر کے ابھرتے ہوئے تیز گیندباز عاقب نبی کی تہلکہ خیز کارکردگی نے رنجی ٹرافی میں جموں و کشمیر کی ٹیم کو راجستھان کے خلاف فتح سے ہمکنار کیا۔ عاقب نبی نے راجستھان کے خلاف 10 وکٹیں لے کر جموں و کشمیر کو اننگز اور 41رنز سے فتح دلائی۔ عاقب نبی نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور 55 رنز بنائے ۔ جموں و کشمیر نے راجستھان کو ایک اننگز اور 41 رنز سے شکست دے کر ایلیٹ گروپ ڈی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔سری نگر میں کھیلے جا رہے میچ میں راجستھان نے پہلی اننگز میں 152 رنز بنائے ۔ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ففٹی بھی نہ بنا سکا۔ کپتان مہیپال لومرور نے ناقابل شکست 37 رنز بنائے ۔ جموں و کشمیر نے اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے ۔ ٹیم کی جانب سے عبدالصمد اور عاقب نبی نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ صمد نے 76 اور نبی نے 55 رنز بنائے ۔ یودھویر سنگھ نے 37 گیندوں پر 53 رنز بنائے ۔ راجستھان کے لیے دیپک چاہر نے چار وکٹ لیے ۔ پہلی اننگز میں 130 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد راجستھان دوسری اننگز میں صرف 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دیپک ہڈا نے سب سے زیادہ 28 رنز بنائے ۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عاقب نبی نے دوسری اننگز میں سات وکٹیں حاصل کیں۔ عاقب نبی نے راجستھان کے خلاف پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں سات وکٹیں حاصل کیں۔