جموں// جموں کشمیر میں 2018کے دوران کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے9773عازمین فریضہ حج انجام دیں گے۔واضح رہے کہ ریاست کے حج کوٹا میں 1670نشستوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ حج اور اوقاف کے ریاستی وزیر عبدالرحمان ویری نے جمعہ کو قانون ساز اسمبلی میں دی۔انہوں نے کہا کہ اس سال مجموعی طور ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 32333عازمین نے حج کیلئے درخواست دی تھی ، تاہم ریاست کا کوٹا صرف9773ہے۔ان کا کہنا تھا کہ الاٹ شدہ کوٹا میں1959نشستیں 70سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کیلئے مخصوص ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 7814عازمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔ویری نے کہا کہ امسال ریاست کو الاٹ کئے گئے حج کوٹا میں گزشتہ سال کے مقابلے میں1670سیٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ منتخب عازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عبدالرحمان ویری نے کہا کہ حکومت حج عازمین کو ہر طرح کی سہولیت فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے حج کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ عازمین حج کیلئے تمام تر انتظامات کو یقینی بنائے۔