عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حالیہ سنگین سرحدی صورتحال کی وجہ سے کئی دنوں تک معطل رہنے کے بعد سرینگر بین الااقوامی ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن منگل کو دوبارہ شروع ہوا۔جموں وکشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹرشجاعت احمدقریشی نے پیرکے روز کہاتھاکہ سرینگرہوائی اڈے سے14مئی کو حج پروازیں شروع ہونگی اور ابتدائی 2دنوں کے دوران عازمین کی تین تین پروازیں روانہ ہوجائیں گی ۔ایک اہلکار نے بتایا کہ کئی دنوں کی معطلی کے بعد منگل یعنی 13مئی کو سرکاری طور پر آپریشن دوبارہ شروع ہو گیا۔اہلکار نے بتایاکہ دہلی سے ایئر انڈیا کی پرواز منگل کو دوپہر12بجکر49منٹ پر سرینگر ہوائی اڈے پر اتری۔ سرینگر ہوائی اڈے پر4پروازوں کی آمد اور 4روانگی ہوئی، جس میں کل 935مسافرسوارتھے۔ادھر انڈیگو نے منگل کو کہا کہ جموں اور امرتسر سمیت 6 ہوائی اڈوں سے طے شدہ پروازیں بدھ سے بتدریج دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ پیر کو ایئر لائن نے منگل کیلئے جموں، امرتسر، چندی گڑھ، لیہہ، سرینگر اور راجکوٹ کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔جموں، امرتسر، چندی گڑھ، لیہہ، سرینگر اور راجکوٹ آنے اور جانے کیلئے طے شدہ آپریشنز 14مئی 2025 یعنی آج سے دوبارہ شروع ہوگا۔IndiGo نے شام6بجکت سات منٹ پر ایک ایکس پوسٹ میں کہا’’ہر فلائٹ کو باریک بینی کے ساتھ بحال کیا جا رہا ہے۔اس بات کو یقینی بنانا کہ ہر سفر ہموار، محفوظ اور ٹریک پر ہو‘‘۔یہ چھ ہوائی اڈے ان 32ہوائی اڈوں میں شامل ہیں جنہیں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں عارضی طور بند کیے جانے کے بعد پیر کو شہری پروازوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔منگل کو ایئر انڈیا اور اسپائس جیٹ نے سرینگر کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کیں جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس نے جموں کیلئے خدمات فراہم کیں۔