مکّة المکرّمہ//عازمین حج کی منیٰ روانگی سے قبل حج اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر سید قمر سجاد کی سربراہی میں ریاستی خدام الحجاج اور ریاست حج کمیٹی کے عملے کے ساتھ حج 2017 کے سلسلے میں ریاستی عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں دی جارہی سہولیات کے بارے میں ایک ہنگامی میٹنگ کے دوران جانکاری حاصل کی۔ اس دوران ایگزیکٹیو آفیسر نے ریاستی وزیر کو عازمین کو دی جارہی سہولیات اور دیگر معاملات کے حوالے سے جانکاری دی ۔ میٹنگ میں عازمین کو حج کمیٹی آف انڈیا کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ ، رہائش ، طبی خدمات اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران وزیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ سفرِ محمود کے دوران تاایںدم ریاست سے تعلق رکھنے والے پانچ عازمین انتقال کر گئے ہیں جبکہ تین بیمار عازمین کا علاج و معالجہ مختلف ہسپتالوں میں جاری ہے جن میں چند ہی دنوں میں روبہ صحت ہونے کی اُمید ہے ۔وزیر موصوف نے ریاستی خدام الحجاج اور عملے پر زور دیا کہ وہ آئندہ چند روز میں عازمین حج کو مناسکِ حج اور دیگر احتیاطی اقدامات کے بارے میں تربیتی پروگراموں کے دوران از سرِ نو آگاہ کریں ۔