بستی//آل انڈیا حج سیوا سمیتی کے قومی صدر اور مرکزی حج کمیٹی کے سابق رکن حاجی نوشاد احمد اعظمی نے حکومت سے عازمین حج سے جی ایس ٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔مسٹر اعظمی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ جی ایس ٹی لگانے سے عازمین حج کو فی کس پچیس سے چالیس ہزار روپے زیادہ خرچ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ ایر انڈیا کو دی جانے والی حج سبسڈی پہلے ہی ختم کردی گئی ہے اور اٹھارہ فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے سے حج کا سفر کافی مہنگا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عازمین حج کے کرایے کے لئے گلوبل ٹنڈر ہونا چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے کرایہ کا تعین ایر انڈیا من مانے ڈھنگ سے کرتی ہیڈ۔ وارانسی سے 92 ہزار' دہلی سے 74ہزار' گیا سے ایک لاکھ چار ہزار' رانچی سے ایک لاکھ تیرہ ہزار روپے کرایہ رکھا گیا ہے ۔ یہ عازمین حج کے ساتھ صریحاً ناانصافی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملک سے اس سال ایک لاکھ اسی ہزار عازمین حج سعودی عربیہ جائیں گے ۔ عازمین حج پر جی ایس ٹی عائد کرنے سے انہیں پانچ سے چھ کروڑ روپے زیادہ ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل ٹنڈر ہونے سے ایر انڈیا جتنا کرایہ لیتی ہے اس سے آدھے کرایے پر حج کا سفر ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عازمین حج پر سے جی ایس ٹی ختم کرکے انہیں استحصال سے بچانا چاہئے ۔یو این آئی