سرینگر // پریس کا لونی میں بدھ کو اْس وقت افرا تفری پھیل گئی جب پولیس نے یہاں مختلف محکموں میں تعینات عارضی ملازمین کے مارچ کو ناکام بنا دیا اور انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں باہر نکلنے کی مزاحمت جاری رکھی۔ احتجاجی ملازمین تنخواہوں کی واگزاری اور سروس باقاعدہ بنانے سمیت دیگر دیرینہ مطالبات منوانے کے حق میں احتجاج کررہے تھے۔ عارضی ملازمین کے جلوس کوپولیس نے منتشر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ایک درجن سے زائدمظاہرین کو گرفتار کیا۔ اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈلئے عارضی ملازمین’’ہماری تنخواہیں واگذار کرو،ہماری مانگیں پوری کرو، ہمارا مستقبل بچائو۔ہمیں انصاف فراہم کرو ‘‘ جیسے نعرے بلند کررہے تھے ۔ جب ملازمین نے پریس کالونی سے باہر نکل کرصوبائی کمشنر دفتر کی جانب مارچ کر نے کی کوشش کی تو پولیس کی بھاری جمعیت نے جلوس کو روک کر آگے جانے کی اجازت نہیں دی ،تاہم انہوںنے مزاحمت کرکے پیش قدمی جاری رکھی ،جس دوران پولیس نے ایک درجن سے زائد ملازمین کو گاڑیوں میں بھر کر کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن پہنچایا۔ اس موقع پرریذیڈنسی روڑ ، پریس کالونی اور گردونواح میں افراتفری کاماحول دیکھنے کو ملا۔ یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔سی این ایس