محمد تسکین
بانہال//رام بن کے ہمر گلی ڈھوک علاقے میں بنگارا کے مقام پر بدھ کی شام عارضی جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے ماں اپنی 2بیٹیوں سمیت جھلس کر موت کے آغوش میں چلی گئیں اور کنبے کے مالک اور اسکی ماں شدید طور پرزخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ جھونپڑیاں دور دراز کے علاقے میں واقع تھیں اور آگ تیزی سے پھیل گئی، جس نے مکینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مدد کی تاہم تین اہل خانہ بری طرح جھلس کر جائے وقوعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔ جن میں والدہ اور اسکی 2بیٹیاں شامل ہیں۔پولیس نے بتایا کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر اکھریال کی دو ایمبولینسوں کے ساتھ ایک طبی ٹیم کو موقع پر تعینات کیا گیا تھا اور زخمیوں کو پی ایچ سی منتقل کیا گیا۔آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ مہلوکین میں25سالہ نجمہ بیگم زوجہ ابراہیم، اسکی2سالہ بچی اقرا بانو اور 6سالہ بیٹی اسمہ بانو شامل ہیں۔35سالہ محمد ابراہیم ولد ببویا اور 55سالہ مرجا بیگم زوجہ نورانی بری طرح زخمی ہوگئے ہیں جن کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔