کراچی// پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے خلاف پارٹی کی سابق رہنما عائشہ گلالئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے پیش نظر الیکشن کمیشن میں عمران خان کی نا اہلی کے حوالے سے درخواست دائر کر دی گئی۔راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وکیل راجا محمود بشارت نے عائشہ گلالئی کے الزامات پر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کروائی جائیں اور پی ٹی ا?ئی سربراہ کی قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرکے قومی اسمبلی کی نشست این اے 56 میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔راجا محمود بشارت نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی کے لیے کردار بے داغ ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز خواتین کی خصوصی نشست پر منتخب ہونے والی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔عائشہ گلالئی نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی اور اس کی قیادت پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف میں عزت دار خواتین کی کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے پی ٹی ا?ئی کے سربراہ کو نفسیاتی مسائل کا شکار اور جعلی پٹھان قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان پاکستان میں غیر ملکی ثقافت لانا چاہتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کی جانب سے نامناسب پیغامات بھیجنے جانے کی بات کرکے نیا پنڈورا باکس کھول دیا تھا۔دوسری جانب تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے عائشہ گلالئی کے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’پارٹی چھوڑنا عائشہ گلالئی کی مرضی تھی لیکن انہیں کسی کو بے عزت کرنے کا کوئی حق نہیں، عائشہ گلالئی جب مسلم لیگ (ن) میں جائیں گی تو انہیں اصلیت پتہ چل جائے گی، جو پارٹی پارلیمنٹ میں خواتین کو عزت نہیں دے سکتی وہ پارٹی میں کیا عزت دے گی۔‘دوسری جانب حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے عائشہ گلالئی کے الزامات پر پی ٹی آئی چیف عمران خان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔قرارداد میں سپریم کورٹ سے عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا اور آرٹیکل 62، 63 کے تحت عمران خان کو نااہل قرار دینے کی اپیل بھی کی گئی۔