سرینگر// تحریک حریت نے تنظیم کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی کو بلاجواز گھر میں نظربند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کی شکار ہے اور وہ آئے روز صحرائی کو گھر میں نظربند کرتی ہے۔اس دوران میں تحریک حریت کے لیڈروں راجہ معراج الدین نے ہاکورہ، مولانا مدثر ندوی نے نواکدل میں عوامی اجتماعات سے خطابات کئے، جبکہ محمد رفیق اویسی کو جامع مسجد ناگہ بل گاندربل میں خطاب کرنا تھا مگر پولیس نے اس کو روک کر جامع مسجد میں جانے کی اجازت نہیں دی۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کی فرقہ پرست حکومت اور طاقتیں مقامی بھارت نواز برسرِ اقتدار پارٹی کی ملی بھگت سے جموں کشمیر انتہائی سنگین بحران میں مبتلا ہے۔ بھارتی استعمار کی طرف سے آئے روز کشمیریوں کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور ہر مسئلے کا حل صرف گولی قرار دی جارہی ہے۔ تحریک حریت نے تنظیم کے لیڈر محمد یوسف مکرو (آرونی) کی مٹن جیل میں بگڑتی صحت کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف انتہائی علیل ہیں اور پراسٹیٹ کی وجہ سے بھی اُن کی تکلیف بہت حد تک بڑھ گئی ہے، مگر حکومت نے اُن کو بلاجواز نظربند کردیا ہے۔