اشرف چراغ
کپوارہ// رامحال کے ظفر کھنی ویلگام میں قائم سرکاری مڈل سکول جنگلی علاقہ میں قائم ہے جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم طلبہ کو ہمیشہ جنگلی جانورو ں کا خوف لاحق رہتا ہے ۔سکول کے ارد گرد چار دیواری سب سے بڑا مسئلہ ہے جہاں 75سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں اور سکول کی چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کو ہمیشہ جنگلی جانوروں کا خطر رہتا ہے ۔والدین کاکہنا ہے کہ جہا ں انہیں سکول میں جگہ کی کمی پر تشویش ہے وہیں سکول کی چار دیواری نہیں ہے اور انہیں یہ خوف ستاتا ہے کہ سکول کے آس پاس جنگلی جانورو ں کا خطرہ لا حق ہے ۔والدین نے یہ بھی بتایا کہ سکول کی عمارت بھی خستہ حالت میں ہے جس پر انہیں گہری تشویش پائی جاتی ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ’ ہمارے بچے تعلیم کے شوقین ہیں لیکن جب سکول میں حفاظتی دیوار نہیں ہے تو وہ کیسے تعلیم کی طرف اپنی توجہ مرکوز کرتے جبکہ ہم روز اپنے بچو ں کی حفاظت کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں جب تک نہ وہ گھر واپس آتے ہیں‘ ۔ایک اور والد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو فوری طور خستہ حال عمارت کی طرف تو جہ دینی چاہئے کیونکہ سکول کے دیوارو ں میں دراڑیں پڑی ہیں جس کی نتیجے میں سکول عمارت غیر محفوظ ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ سکول کی خستہ حال عمارت اور دیوار بندی سے متعلق کئی بار اعلیٰ حکام کو مطلع بھی کیا لیکن آج تک اس سکول کی بے بسی کی طرف کسی نے بھی اپنی توجہ نہیں دی ۔مقامی لوگو ں نے زونل ایجوکیشن افسر اور ضلع انتظامیہ سے فوری طور مداخلت کی اپیل کی ہے ۔