جموں//جموں و کشمیر قانون ساز کونسل کی محکمہ باغبانی کی محکمہ جاتی قائمہ کمیٹی ۔IV کی میٹنگ آج یہاں رکن قانون ساز کونسل ظفر اقبال منہاس کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ارکان قانون سازیہ سریندر کمار چودھری ، سیف الدین بٹ اور شوکت حسین گنائی نے بھی شرکت کی۔کمیٹی نے محکمہ باغبانی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جب کہ محکمہ کے سیکرٹری ایم ایچ ملک نے اس سلسلے میں ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی۔ محکمہ میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے تعلق سے سیکرٹری موصوف نے کہا کہ یہ اسامیا ں ریکروٹمنٹ ایجنسیوں کو ریفر کی جارہی ہیں۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ محکمہ نے 2015-16 ءکے دوران 6000 کروڑ روپے مالیت کے 14.79لاکھ میٹر ک ٹن اخروٹ برآمد کئے جبکہ میوﺅں کی کاشت کے استعمال میں اراضی کا رقبہ 2.95 لاکھ ہیکٹر سے بڑھ کر 3.38 لاکھ ہیکٹر ہو گیا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2015-16ءکے 108کروڑ روپے کے منظور شدہ بجٹ میں سے 74.30کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔ اسی طرح 2016-17 ءکے منظور شدہ84.89 کروڑ روپے کے ایکشن پلان میں سے جنوری 2017ءکے آخرتک 28کروڑ واگذار کئے گئے۔کمیٹی کی میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں اور کشمیر میں بالترتیب 7.84کروڑ روپے اور 9.02کرو ڑروپے کی لاگت سے دو سینٹر آف ایکسلنس قائم کئے جارہے ہیں۔چیئرمین نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ کسانوں کو شجر کاری مہم اور دیگر جانکاری فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ کسان محکمہ کی سکیموں سے مستفید ہوں ۔