سرینگر //کے سی ایس ڈی ایس نے کشمیر میں جاری قتل عام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ی مسلمانوں کا زیادہ سے زیادہ خون بہانے کی ریاست عادی ہوگئی ہے جہاں لوگوں کے جائز جدوجہد کو دبانے کیلئے طاقت اور تشدد کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کے سی ایس ڈی ایس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ائے ایس آئی عبدالرشید کی ہلاکت اسی زمرے میں آتی ہے۔ کے سی ایس ڈی ایس نے کہا ہے کہ ہمارے دل مذکورہ پولیس افسر کی بیٹی کیلئے اسی طرح روتے ہیں جس طرح ریاست کی گولیوںں سے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کیلئے روتا ہے۔ کے سی ایس ڈی ایس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے بار بار یہ کہا ہے کہ مظلوم اپنی اخلاقیات اور برتری کھو دیں گے ، اگر وہ ظلم کی سطح پر آجائیں گے اور اپنی انسانیت کھونے کے علاوہ خود کو ریاستی میڈیا کی تنقید کا نشانہ بنائیں گے تو مظلوم کو ہمیشہ اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ وہ اپنی انسانیت نہ کھوئیں اور اکسانے کے بائوجود بھی ظالموں کے منصوبوں کا حصہ نہ بنیں۔ کے سی ایس ڈی ایس نے کہا ہے کہ موت اور تباہی کے ننگے ناچ میں ہم اپنے ہی لوگوں کو کھو رہے ہیں جو کسی بھی طریقے سے جائز نہیں ٹھرایا جاسکتا۔ کے سی ایس ڈی ایس نے کہا ہے کہ تاہم اسکے بائوجود بھی ہم اس قتل میں ریاست کے ہاتھ ہونے سے انکار نہیں کرتے کیونکہ اس سے قبل بھی ہوا ہے اور ریاست کشمیریوں کی نسل کشی مختلف منصوبوں کے ذریعے جاری رکھے ہوئے ہے۔